احد خان چیمہ سے ایریزونا سٹیٹ یونیورسٹی اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے وفد کی ملاقات

جمعہ 25 جولائی 2025 04:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2025ء)وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ نے کہا ہے کہ موجودہ مالی سال میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کیلئے 100 ارب روپے سے زائد کا بجٹ مختص کیا گیا ہے جو قومی پالیسی میں تعلیم کو ترجیح دینے اور علمی ترقی کو فروغ دینے کے حکومتی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ جمعرات کو نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (این آئی ٹی) لاہور اور ایریزونا سٹیٹ یونیورسٹی (اے ایس یو) کے نمائندوں پر مشتمل وفد نے ملاقات کی اور دونوں اداروں کے درمیان قائم ہونے والے تعلیمی اشتراک کے حوالے سے وفاقی وزیر کو بریفنگ دی۔

وفاقی وزیر نے وفد کا خیرمقدم کیا اور خاص طور پر چیئرمین سنٹانا ایجوکیشن ڈگ بیکرکی عالمی سطح پر اعلیٰ تعلیم تک رسائی اور معیار کو بہتر بنانے کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے سنٹانا ایجوکیشن کے اس کردار کو سراہا جو وہ ایریزونا سٹیٹ یونیورسٹی کے ساتھ مل کر جامعات کو جدید تحقیقی اشتراک، اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت اور اعلیٰ تعلیمی وسائل کی فراہمی کے ذریعے ادا کر رہا ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ این آ ئی ٹی اور اے ایس یوکے درمیان اشتراک پاکستانی طلبہ کے لیے مواقع کے نئے دروازے کھولے گا جن میں عالمی معیار کی تعلیمی سہولیات، تحقیقی اشتراک اور تبادلہ پروگرام شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایریزونا سٹیٹ یونیورسٹی کی سائنسی و تکنیکی میدان میں کامیابیاں پاکستان کے لیے مفید ثابت ہوں گی اور پاکستانی طلبہ کے لیے قیمتی تعلیمی مواقع فراہم کریں گی۔

انہوں نے اس ادارے کی اس عالمی رینکنگ پر بھی تعریف کی جس میں اے ایس یو کو دنیا کی سرکردہ یونیورسٹیوں میں شمار کیا گیا ہے، خصوصاً تعلیمی معیار اور گریجویٹس کی روزگار پذیری کے لحاظ سے۔وفاقی وزیر نے شاہزیب اعوان کو نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی لاہور کے چانسلر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کی قیادت میں ایک باوقار بین الاقوامی شراکت کو پاکستان لانے کے لیے ان کی قائدانہ صلاحیتوں اور بصیرت کو سراہا۔

احد خان چیمہ نے حکومت کے اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ مالی سال میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے لیے 100 ارب روپے سے زائد کا بجٹ مختص کیا گیا ہے جو قومی پالیسی میں تعلیم کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔وفد نے بھی اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں حکومت پاکستان کے مسلسل تعاون کو سراہا اور تحقیق، اختراع اور بین الاقوامی اشتراک کو ترجیح دینے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں فریقین نے عالمی معیار کی تعلیم کے فروغ کے لیے بامعنی بین الاقوامی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔