Live Updates

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنمائوں کی عبوری ضمانتوں میں 19 ستمبر تک توسیع کر دی

جمعہ 25 جولائی 2025 13:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے مسلم لیگ ن کا آفس جلانے ،گلبرگ میں کنٹینر جلانے سمیت دیگر مقدمات میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب،بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمی خان، فواد چوہدری ، اسد عمر ،اعظم سواتی ،کرامت کھوکھر کی عبوری ضمانتوں میں 19 ستمبر تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پراسکیوشن سے ریکارڈ اور وکلا کو دلائل کے لیے طلب کرلیا ۔

(جاری ہے)

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کیس کی سماعت کی۔ جمعہ کے روز دوران سماعت عظمی خان ، علیمہ خان ،اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور فواد چوہدری کے وکیل نے ایک روزہ حاضری معافی کی استدعا کی جس کو عدالت نے منظور کرلیا اور عدالت نے چاروں ملزمان کی حاضری معافی منظور کرلی۔ دوران سماعت اسد عمر ،اعظم سواتی ،کرامت کھوکھر سمیت دیگر پیش ہوئے اور پراسکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ میں کچھ ملزمان کی ضمانتیں زیر سماعت ہیں عدالت نے آئندہ پراسکیوشن کو ریکارڈ پیش کرنے اور وکلا کو دلائل کے لیے طلب کرلیا۔ عدالت نے سماعت 19 ستمبر تک ملتوی کردی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات