انگلینڈ نے بھارت کے خلاف مانچسٹر ٹیسٹ کے تیسرے روز 7 وکٹوں کے نقصان پر 544 رنز بنا لیے

ہفتہ 26 جولائی 2025 00:20

مانچسٹر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) انگلینڈ نے بھارت کے خلاف مانچسٹر ٹیسٹ کے تیسرے روز اپنی پہلی اننگز میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 544 رنز بنا لیے ہیں اور یوں اسے 186 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہو چکی ہے۔ اولڈ ٹریفورڈ ، مانچسٹر میں جاری ٹیسٹ میچ میں سابق کپتان جو روٹ نے ایک بار پھر اپنی بیٹنگ مہارت کا لوہا منواتے ہوئے 150 رنز کی دلکش اور ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔

یہ ان کے ٹیسٹ کیریئر کی 38ویں سنچری ہے۔

(جاری ہے)

اس شاندار اننگز کی بدولت جو روٹ نے راہول ڈریوڈ، جیک کیلس اور رکی پونٹنگ جیسے عظیم کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے جہاں اب وہ صرف سچن ٹنڈولکر سے پیچھے ہیں۔ اولی پوپ نے 71 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ ہیری بروک 3، جیمی سمتھ 9 اور کرس ووکس 4 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ دن کے اختتام پر کپتان بین سٹوکس 77 اور لیام ڈاسن 21 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ بھارت کی جانب سے روندرا جدیجا اور واشنگٹن سندر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔