Live Updates

عمران خان کے رشتہ داروں سے لاحق خطرات، جمائما نے قاسم اور سلیمان کو پاکستان جانے سے روک دیا

جمائما گولڈ اسمتھ نے دونوں بیٹوں کو امریکہ سے واپس لندن بلا لیا، پاکستان میں موجود جن لوگوں سے ان کی شناسائی ہے انہوں نے پیغامات ارسال کئے تھے کہ قاسم اور سلمان کو پاکستانی انتظامیہ سے کہیں زیادہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سے خطرات ہوسکتے ہیں جنہوں نے جمائما کو بھاوج کے طور پر قبول نہیں کیا

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 26 جولائی 2025 11:01

عمران خان کے رشتہ داروں سے لاحق خطرات، جمائما نے قاسم اور سلیمان کو ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جولائی 2025)بانی پی ٹی آئی کی بہنوں اور دوسرے رشتہ داروں سے لاحق خطرات، جمائما گولڈ اسمتھ نے قاسم اور سلمان کو ایک بار پھر پاکستان آنے سے روک دیا، جمائما گولڈ اسمتھ نے دونوں بیٹوں کو امریکہ سے واپس لندن بلالیا، جنگ اوردی نیوز کے مطابق حد درجہ لائق اعتماد تحریک انصاف کے ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان سے جمائما گولڈ اسمتھ کو تحریک انصاف کے ان لوگوں نے جن سے ان کی شناسائی ہے پیغامات ارسال کئے تھے کہ قاسم اور سلیمان کو پاکستانی انتظامیہ اور سلامتی کے اداروں سے کہیں زیادہ بانی ٹی آئی کی بہنوں سے خطرات ہوسکتے ہیں جنہوں نے جمائما گولڈ اسمتھ کو اپنی بھاوج کے طور پر کبھی قبول نہیں کیا اور نہ ہی انہیں کبھی اس کے بچوں کے ساتھ لگاؤ ظاہر کرتے دیکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنی رہائی کیلئے جس تحریک کو پانچ اگست تک نقطہ عروج پر لے جانے کیلئے ہدایات جاری کی تھیں وہ ہر گزرتے دن کے ساتھ شروع ہونے کے امکان سے بھی محروم ہورہی ہے، ان لوگوں نے قاسم اور سلیمان کی پاکستان آمد سے بے پناہ توقعات وابستہ کر رکھی تھیں اب وہ سخت بددلی کا شکار ہوگئے ہیں۔امریکہ میں تحریک انصاف کے گروپوں میں دورے کی ناکامی کیلئے ایک دوسرے پر سخت الزام عائد کرنے کا سلسلہ شر وع ہوگیا ہے۔

پاکستان میں تحریک انصاف کی قیادت کو امریکہ میں قیام کے دوران دونوں کے ساتھ روا رکھی گئی سرد مہری سے سخت مایوسی ہوئی ہے جس میں پی ٹی آئی امریکہ، امریکی انتظامیہ اور تحریک انصاف کے روایتی طرفدار لابی نے بھی انہیں اہمیت نہیں دی۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان اور دوسرے مرکزی عہدیداروں کے بیانات سے صاف طور پر ظاہر ہونے لگا ہے کہ وہ سخت دلبرداشتہ ہیں انہیں اس خوف نے ہراساں کردیا ہے کہ ان کے وفاقی ا ور صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کی بڑی تعداد ہفتے عشرے میں گرفتار کرلئے جائیں گے۔

یاد رہے کہ دو روزقبل بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان،تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ اور سینیٹر علی ظفر نے عمران خان کے دونوں صاحبزادوں سلمان اور قاسم کے پاکستان آنے کی تصدیق کی تھی۔ دونوں بیٹوں کی بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے عدالت سے رجوع کر رہے تھے، اسلام آباد ہائی کورٹ میں دونوں بیٹوں سے ملاقات کی پٹیشن دائر کر رہے تھے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے بانی پی ٹی آئی کے دونوں صاحبزادوں کی پاکستان آنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھاکہ ہائی کورٹ سے ملاقات کی اجازت کی پٹیشن کسی بھی وقت دائر ہوسکتی تھی۔ بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کاکہناتھا کہ ہم چاہتے ہیں بیٹوں کی ملاقات میں کوئی قانونی رکاوٹ نہ ہو۔علیمہ خان کایہ بھی کہناتھاکہ دونوں بیٹوں کی والد سے ملاقات آئینی حق تھا۔

قبل ازیں بانی عمران خان کے بیٹوں سلمان اور قاسم نے کیلیفورنیا میں امریکی صدر کے معاون خصوصی رچرڈ گرینل سے ملاقات کی تھی۔بانی پی ٹی آئی کے دونوں بیٹوں نے اپنے والد کی رہائی کیلئے مہم کا آغاز کردیاتھا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں رچرڈ گرینل نے سلیمان اور قاسم کے ساتھ تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا تھاکہ دوستوں کو خوش آمدید، قاسم اور سلیمان کے ساتھ وقت گزار کر اچھا لگاتھا۔

رچرڈ گرینل امریکی صدر کے خصوصی ایلچی برائے خصوصی مشن تھے۔اپنی پوسٹ میں رچرڈ گرنیل نے لکھا تھا کہ انہوں نے سلیمان اور قاسم سے کیلیفورنیا میں ملاقات کی اور انہیں حوصلہ بلند رکھنے کا مشورہ دیا تھا۔انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بیٹوں سے کہا کہ آپ دونوں مضبوط رہیں۔ دنیا میں لاکھوں افراد سیاسی انتقام کا سامنا کر رہے تھے۔ سیاسی انتقام کا سامنا کرنے والے آپ اکیلے نہیں تھے۔انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ دنیا بھر میں لاکھوں لوگ سیاسی انتقام پر مبنی مقدمات سے تنگ آچکے تھے۔ آپ اکیلے نہیں تھے۔بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں قاسم اور سیلمان خان کی رچرڈ گرینل سے ملاقات امریکی ریاست کیلی فورنیا میں ہوئی تھی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات