مال بردار ٹرینوں میں تصادم، اسسٹنٹ ڈرائیور شخص جاں بحق، 2 زخمی

جمعرات 11 ستمبر 2025 13:20

مال بردار ٹرینوں میں تصادم، اسسٹنٹ ڈرائیور شخص جاں بحق، 2 زخمی
اوکاڑہ /لاہور/رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء)اوکاڑہ کی تحصیل رینالہ خورد میں مال بردار ٹرینیں ٹکرانے سے اسسٹنٹ ڈرائیور جاں بحق جبکہ 2زخمی ہو گئے،وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری تین روز میں مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ بتایا گیا ہے کہ پنجاب کے ضلع اوکاڑہ کی تحصیل رینالہ خورد کے قریب علی الصبح ایک مال بردار ٹرین اپنی چار بوگیاں ریلوے ٹریک پر ہی چھوڑ گئی اسی دوران ہی پیچھے سے آنے والی دوسری مال بردار ٹرین جو لاہور سے کراچی جا رہی تھی ٹریک پر کھڑی بوگیوں سے ٹکرا گئی ،حادثہ اس قدر خوفناک تھا کہ ریلوے انجن تباہ ہو کر متعدد بوگیوں سمیت پٹڑی سے اتر گیا جبکہ اسسٹنٹ ڈرائیور امتیاز جوکہ قصور کا رہائشی تھا شدید زخمی ہو کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا اور ٹرین عملہ کے دو اہلکار زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

(جاری ہے)

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے کے اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے ۔ریلوے حکام کے مطابق حادثے کے بعد اپ اور ڈائون ٹریک سروس بند ہو گئی تاہم بحالی کے لیے فوری طور پر کام شروع کر دیا گیا۔ریلوے ترجمان کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے رینالہ خورد اسٹیشن کے قریب مال بردار گاڑی کے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے تین روز میں انکوائری مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی ۔وفاقی وزیر نے مال گاڑی کے اسسٹنٹ ڈرائیور امتیاز کے جاں بحق ہونے پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جان کا کوئی نعم البدل نہیں چاہے وہ کسی ریلوے ملازم یا مسافر کی ہو ۔ذمہ داروں کو سخت سزا دلوا کر کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔