Live Updates

کھلی کچہری فنڈز کی صاف و شفاف تقسیم اور حقیقی مسائل کے حل کی طرف اہم قدم ہے،ڈپٹی کمشنر سردار عبدالرشید

ہفتہ 26 جولائی 2025 21:20

اوتھل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2025ء)لسبیلہ کے ضلعی ہیڈکوارٹر اوتھل کے ڈی سی آفس میں حکومت بلوچستان کے منظور شدہ 100 ملین روپے کے بجٹ کو عوامی تجاویز کے مطابق خرچ کرنے کے حوالے سے ایک شاندار کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر لسبیلہ، سردار عبدالرشید پھورائی، چیئرمینز، وائس چیئرمینز، سرکاری افسران، بلدیاتی نمائندے اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کچہری کے شرکاء نے علاقے کے مختلف مسائل اور تجاویز پیش کیں جن میں سب سے زیادہ زور سکولوں کی خستہ حالی، پانی اور بجلی کی کمی، اور لائبریری و پلے گراؤنڈ کی حالت بہتر بنانے پر دیا گیا۔ شہریوں اور بلدیاتی نمائندوں نے بتایا کہ اوتھل، بیلہ، لاکھڑا اور اہورہ سمیت متعدد علاقوں میں کئی اسکولوں کی عمارتیں انتہائی خستہ حال ہیں، کچھ میں بجلی اور پانی کا کوئی انتظام نہیں، اور لائبریری و تفریحی پارک کا فقدان ہے۔

(جاری ہے)

بیلہ کے عوام نے سنڈمین پارک کو خوبصورت بنانے اور اسماعیلانی روڈ کو دوبارہ تعمیر کرانے کا مطالبہ کیا، جس کا کام ٹھیکہ دار کی لاپرواہی کی وجہ سے ادھورا چھوڑ دیا گیا ہے۔لاکھڑا کے رہائشیوں نے بتایا کہ وہاں صرف دو ہائی اسکول ہیں، لائبریری نہیں، ہسپتال میں میڈیسن کی شدید کمی ہے اور سیلاب یا بارش کے بعد زیادہ ترعلاقے کٹ جاتے ہیں۔اہورہ اسکول سمیت دیگر تعلیمی ادارے بھی بجلی کی کمی اور عمارتوں کی خرابی کا شکار ہیں۔

آہورہ کے قبرستان میں 2022 کے سیلاب سے شدید نقصان پہنچا۔جس کے لئے گرانٹ کی اپیل کی گئی۔ اکرم شیخ گوٹھ سکن ٹو اوتھل روڈ سے غیرقانونی قبضے ختم کرکے مقامی افراد کے مسائل حل کرنے کی تجویز دی گئی۔ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرا بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کھلی کچہری فنڈز کی صاف و شفاف تقسیم اور حقیقی مسائل کے حل کی طرف اہم قدم ہے۔ شہریوں اور منتخب نمائندوں کی تجاویز کو اولین ترجیح دی جائے گی تاکہ حکومت کے جاری کردہ فنڈز براہ راست عام لوگوں پر خرچ ہوں۔

اس موقع پر سردار عبدالرشید پھورائی نے کہا حکومت کے فراہم کردہ فنڈز ایمانداری سے صرف شہری ترقی پر ہی خرچ ہوں گے، اور بدعنوانی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی.کھلی کچہری میں نمایاں شخصیات، سرکاری افسران، بلدیاتی عہدیداروں اور عام شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، اور سب نے اپنے اپنے علاقوں کے مسائل اور تجاویز پیش کر کے بھرپور اپنا کردار ادا کیا۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات