کرکٹ کے نیشنل اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے انتخاب میں پی ایس ایل کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، سید ناصر حسین شاہ

اتوار 27 جولائی 2025 17:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) وزیر توانائی، ترقیات و منصوبابندی سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کرکٹ کے نیشنل اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے انتخاب میں پی ایس ایل کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ایس ایل کی فاتح ٹیم لاہور قلندر کے سی ای او رانا عاطف سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ راناعاطف کی وزیراعلیٰ ہائوس میں آمد میرے لئے اعزاز ہے، میں ان کا شکر گزار ہوں کہ کرکٹ کے حوالے سے باصلاحیت کھلاڑیوں کو تلاش کر رہے ہیں اور ٹیلنٹ ہنٹ میں مصروف ہیں، انکی ترقی کا جو پروگرام ہے وہ ملک کی ترقی کا پلان ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پورے پاکستان میں جاکر باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی تلاش ایک مشکل اور تھکا دینے والا مرحلہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ میں باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی کمی نہیں ہے، اگر میرٹ پر ٹیلنٹ ہنٹ کیا جائے تو بہت سے نوجوان کھلاڑی ایسے ہیں جوکہ ملکی اور عالمی سطح پر اپنے آپ کو منوانے کیلئے تیار بیٹھے ہیں اور اپنی سیلیکشن کے منتظر ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے علاوہ کھیل کے دوسرے شعبوں میں صوبہ سندھ کے کھلاڑی ملکی و عالمی سطح پر اپنا لوہا منوارہے ہیں اور ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے فروغ اور کھلاڑیوں کی صلاحیتیں اجاگر کرنے کیلئے حکومت نے سندھ پریمئر لیگ کا آغاز کیا ہے جوکہ صوبہ سندھ کے نوجوان کھلاڑیوں کو صوبائی و عالمی سطح پر روشناس کرنے کیلئے اہم کردار ادا کرے گا۔اس موقع پر سید ناصر حسین شاہ نے لاہور قلندر کی جانب سے ٹیلنٹ ہنٹ کے تحت سندھ بھر میں کرکٹ کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے اور نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو ملک کیلئے بروئے کار لانے پر سی ای او لاہور قلندر رانا عاطف کا شکریہ ادا کیا اور سندھ حکومت کی جانب سے مکمل تعائون اور تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔