مسئلہ کشمیر کو پاک بھارت جنگ سے ایک نئی زندگی ملی ہے،عالمی سطح پراب اس مسئلےکودوبارہ تسلیم کیاجارہا ہے،محمد صدیق

اتوار 27 جولائی 2025 20:50

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) وزیر برائے صنعت و تجارت راجہ محمد صدیق نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو پاک بھارت جنگ سے ایک نئی زندگی ملی ہے، عالمی سطح پر اب اس مسئلے کو دوبارہ تسلیم کیا جارہا ہے جو کہ بہت بڑی کامیابی ہے ،پاکستان میں آباد کشمیری مہاجرین کی سیٹوں پر سیاست کرنے والے کشمیریوں کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں جس میں وہ کامیاب نہیں ہوں گے۔

وزیر تجارت آزاد کشمیر محمد صدیق نے ہفتے کے روز اپنے خصوصی بیان میں کہا کہ تقسیم کشمیر کی ہر ایک سازش کا مقابلہ کریں گے، پاکستان میں مہاجرین کی سیٹیں مسئلہ کشمیر کی وجہ سے ملی ہیں تاکہ جب بھی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کیا جائے تو اس میں پاکستان میں بسنے والے تمام مہاجرین اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں، اس کے پیچھے آباؤ اجداد کی قربانیاں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اور پاک فوج نے فیلڈ مارشل حافظ جنرل عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کو شکست فاش دے کر مسئلہ کشمیر میں ایک نئی روح پھونک دی ہے، اب چند شر پسند عناصر آزادی کے بیس کیمپ میں افراتفری کا ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں تاکہ ایشو پیدا کر کے کشمیریوں کو تقسیم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ایسے عناصر کے خلاف اکٹھے ہو کر کھڑا ہونا چاہیے، قومی اداروں کو مسئلہ کشمیر پر جاندار موقف پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، افواج پاکستان آئے روز جانوں کا نظرانہ پیش کرکے ملک کی حفاظت کررہے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں متحد ہو کر ان عناصر کی سازشوں کا مقابلہ کریں اور مسئلہ کشمیر پر ایک جاندار موقف اختیار کرتے ہوئے اسے دنیا بھر میں اجاگر کریں۔