کراچی ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف سرچ آپریشن ،5 ملزمان گرفتار

اتوار 27 جولائی 2025 21:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس نے تھانہ پیرآبادکے علاقے مگسی محلہ میں منشیات فروشوں کے خلاف سرچ آپریشن کے دوران 5مبینہ ملزمان کوگرفتار کرکے ان کے قبضے سے 3کلو چرس، 200گرام آئس، 160گرام کرسٹل، ڈھائی کلو بھنگ، ایک پسٹل، 8موبائل فونز، گھڑی اور 2لاکھ 40ہزارروپے نقدی برآمدکرلی جبکہ 4منشیات فروشوں کے ٹھکانوں کو مکمل مسمار کردیاگیاہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کوپولیس ترجمان کے مطابق ایس ایس پی ویسٹ طارق الہی مستوئی کی ہدایت پرسرچ آپریشن میں ایس پی منگھوپیر کی زیرنگرانی ایس ایچ اوز پیرآباد، منگھوپیر اور پاکستان بازار سمیت پولیس افسران واہلکاروں، شاہین فورس،انٹیلیجنس اور لیڈیز اسٹاف نے حصہ لیا۔گرفتار ملزمان میں رسول بخش عرف دادو ولد منظور حسین مگسی، علی حسن ولد عزیز اللہ مگسی، احسان ولد عبدالرحیم مگسی، فہیم ولد رحیم بخش مسگی اور فیض محمد عرف بابو ولد میر محمد شامل ہیں۔آپریشن کا مقصد علاقے میں امن و امان اور نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ بنانا ہے۔پولیس نے گرفتارملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیے ہیں۔