لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کابجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاون جاری

پیر 28 جولائی 2025 16:35

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی  کابجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاون جاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایات اور چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت گزشتہ ہفتے کے دوران لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بجلی چوروں کے خلاف مربوط اور موثر کارروائیاں جاری رکھیں۔ترجمان لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے مطابق اس عرصے کے دوران بجلی چوری کی مختلف نوعیت کی 1432 شکایات موصول ہوئیں، جن میں گھریلو 1385، کمرشل 36، زرعی 10، صنعتی 1 شامل تھیں۔

(جاری ہے)

لیسکو نے 1419 افراد کے خلاف ایف آئی آر کے لیے درخواستیں متعلقہ تھانوں میں جمع کروائیں، جن میں سے 607 ایف آئی آرز درج ہوئیں اور 22 بجلی چوروں کو گرفتار کیا گیا۔ یہ موثر کارروائیاں لیسکو کی اینٹی تھیفٹ ٹیموں نے ڈسکوز سپورٹ یونٹ، (پولیس اور رینجرز) کے تعاون سے انجام دیں۔ لیسکو کی اینٹی تھیفٹ ٹیموں نے دوران کارروائی بجلی چوروں کو 1283447 یونٹس چارج کیے جن کی مالیت 5 کروڑ 65 لاکھ 62 ہزار 725 روپے ہے، جبکہ اب تک 1 کروڑ 4 لاکھ 49 ہزار 275 روپے کی کامیاب ریکوری بھی کی جا چکی ہے۔چیف ایگزیکٹو لیسکو کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں روزانہ کی بنیاد پر جاری رہیں گی، اور قانون کی عملداری کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔