چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں سے برٹش ای سپورٹس فیڈریشن کے وفد کی ملاقات، ای سپورٹس کے لئے جامع ماحولیاتی نظام قائم کرنے کی اہمیت پر زور

پیر 28 جولائی 2025 20:13

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام  رانا مشہود احمد خاں سے برٹش ای سپورٹس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ ای سپورٹس کے لئے ایک جامع ماحولیاتی نظام قائم کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں تربیت، کیریئر کے مواقع اور انفراسٹرکچر شامل ہوں، ڈیجیٹل یوتھ ہب کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں کو وسائل، سکالرشپس، انٹرن شپ اور ای سپورٹس کے شعبے میں کیریئر کے مواقع ملیں گے جو انہیں عالمی مواقع سے جوڑنے میں مدد فراہم کرے گا۔

پیر کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں سے پاکستان میں ای سپورٹس کے شعبے کو فروغ دینے کی جاری کوششوں کے تحت پاکستان ای سپورٹس ٹاسک فورس اور برٹش ای سپورٹس فیڈریشن کے وفد نے ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

وفد کا دورہ وزیراعظم یوتھ پروگرام اور کامن ویلتھ ایشیا یوتھ الائنس (کایا) سیکرٹریٹ کے تعاون کا نتیجہ ہے جس کا مقصد پاکستان میں ای سپورٹس کی ترقی کو مزید آگے بڑھانا ہے۔

ملاقات کے دوران کئی اہم اقدامات پر بات چیت کی گئی جن میں ای سپورٹس کے شعبے کی ترقی کے لئے ایک باقاعدہ پالیسی اور ڈھانچے کی تشکیل شامل تھی۔ رانا مشہود احمد خاں نے ای سپورٹس کے لئے ایک جامع ماحولیاتی نظام قائم کرنے کی اہمیت پر زور دیا جس میں تربیت، کیریئر کے مواقع اور انفراسٹرکچر شامل ہوں تاکہ ای سپورٹس پاکستان کے نوجوانوں کے لئے ایک تسلیم شدہ پیشہ وارانہ راستہ بن سکے۔

انہوں نے گیمنگ اور اینیمیشن کو نوجوانوں کے لئے منافع بخش کیریئر کے مواقع کے طور پر اجاگر کیا۔ملاقات کے ایک اہم حصے میں ذمہ دار گیمنگ اور ذہنی صحت کے موضوعات پر بات کی گئی۔ چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے پاکستان کے بڑھتے ہوئے ای سپورٹس کے شعبے میں ذمہ دار گیمنگ کے طریقوں کی تعلیم دینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ یہ شعبہ اپنے شرکاء کی فلاح و بہبود کو بھی مدنظر رکھے۔

اس موقع پر ہیڈ آف سوشل پالیسی ڈویلپمنٹ، کامن ویلتھ سیکرٹریٹ لین رابن سن نے پاکستان کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پاکستان ای سپورٹس پالیسی کی ترقی کے لئے صحیح اور زیادہ جدید راستے پر گامزن ہے۔رانا مشہود احمد خاں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ گیم ڈویلپمنٹ ایک ابھرتی ہوئی عالمی صنعت بن رہی ہے اور پاکستان نے اس میدان میں پہلے ہی نمایاں کام کیا ہے۔

انہوں نے وزیراعظم کے ڈیجیٹل یوتھ ہب کا ذکر کیا جو پاکستان کا پہلا قومی ڈیجیٹل ون سٹاپ پلیٹ فارم ہے جو ای سپورٹس اور متعلقہ شعبوں میں نوجوانوں کو مختلف مواقع سے جوڑے گا۔ ڈیجیٹل یوتھ ہب کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں کو وسائل، سکالرشپس، انٹرن شپ اور ای سپورٹس کے شعبے میں کیریئر کے مواقع ملیں گے جو انہیں عالمی مواقع سے جوڑنے میں مدد فراہم کرے گا۔رانا مشہود احمد خاں نے ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پاکستان میں ای سپورٹس کے شعبے کی ترقی کے لئے کام کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ملک کے نوجوانوں کو عالمی سطح پر کامیابی حاصل کرنے کے لئے ضروری وسائل اور تربیت فراہم کی جائے۔