صحت کی سہولت لگژری نہیں ہر انسان کا بنیادی حق ہے ،مصطفی کمال

وزارت کا بنیادی ہدف 24کروڑ عوام کو بلا تفریق صحت کی بنیادی سہولیات تک رسائی کی فراہمی ہے، صحت سہولت پروگرام کے جائزہ اجلاس سے خطاب

پیر 28 جولائی 2025 21:06

صحت کی سہولت لگژری نہیں ہر انسان کا بنیادی حق ہے ،مصطفی کمال
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2025ء)وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا ہے کہ وزارت صحت 24 کروڑ عوام کو صحت کی مفت سہولیات کی فراہمی کیلئے تگ و دو کر رہی ہے ، صحت کی سہولت کوئی لگژری نہیں ہر انسان کا بنیادی حق ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحت سہولت پروگرام کے جائزہ اجلاس میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے یونیورسل ہیلتھ کوریج پر دستخط کر رکھے ہیں ، پاکستان یونیورسل ہیلتھ کوریج کی سہولیات پر 2030ء سے پہلے عملدرآمد کا پابند ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبوں میں صحت عامہ کی صورتحال دگر گوں ہیں ،اس وقت وفاق اور صوبے صحت پر سالانہ 1154 ارب روپے سیزائد خرچ کر رہے ہیں ،یہ رقم خرچ کرنے کے باوجود صحت کی ضروری سہولیات کا فقدان ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اتنی کثیر رقم خرچ کرنے کے باوجود عوام کا سرکاری اقدامات پر مکمل اعتماد نہیں ہے ، وزارتِ صحت ایک نئے وژن کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے ،وزارت کا بنیادی ہدف یہ ہے کہ 24 کروڑ عوام کو بلا تفریق صحت کی بنیادی سہولیات تک رسائی دی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ ایسی سہولیات جن پر عوام کو اعتماد ہو اور ایک بھی پاکستانی صحت کی سہولیات سے محروم نہ رہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت صحت نے زمینی حقائق اور موجودہ نظام کا باریک بینی سے جائزہ لیا ہے ،1154 ارب روپے سے کہیں کم بجٹ میں بہتر صحت سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں ،اس مقصد کے حصول کے لئے وزارت صحت نے ایک جامع اور مربوط منصوبہ تیار کیا ہے جو وزیراعظم کی منظوری کے بعد قوم کے سامنے پیش کیا جائے گا ، اس مقصد کے لئے وزارت میں سنجیدہ مشاورت کا عمل جاری ہے ۔اجلاس میں صحت سہولت پروگرام کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے وفاقی وزیر صحت کو پروگرام بارے بریفنگ دی۔