پاکستان پیپلز پارٹی حلقہ 5 کھاوڑہ میں نوجوان رہنما افتخار احمد اعوان کی شمولیت، سپیکر چوہدری لطیف اکبر کا پرتپاک استقبال

منگل 29 جولائی 2025 16:39

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2025ء)پاکستان پیپلز پارٹی کو حلقہ 5 کھاوڑہ میں بڑی سیاسی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ معروف نوجوان سیاسی و سماجی رہنما افتخار احمد اعوان نے باقاعدہ طور پر سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔گزشتہ روز ایک پروقار تقریب میں چوہدری لطیف اکبر نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کی موجودگی میں افتخار اعوان کو پارٹی میں خوش آمدید کہا اور انہیں ہار ڈال کر پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کیا۔

تقریب میں ممبر کشمیر کونسل پرویز اختر اعوان، ممبران ضلع کونسل عظمت حسین اعوان، ملک حنیف اعوان، چیئرمین یونین کونسل جھنڈ گراں نمبردار لطیف، ثاقب علی عباسی، سردار بشیر، خواجہ منظور، راجہ عدیل، احسان قریشی اور دیگر معززین شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سپیکر چوہدری لطیف اکبرنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افتخار احمد اعوان کی پارٹی میں شمولیت ایک مثبت پیش رفت ہے، کیونکہ وہ حلقے میں ایک متحرک، ہر دلعزیز اور عوامی خدمت کا جذبہ رکھنے والی شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں۔

اُن کی شمولیت سے پارٹی کو نئی توانائی اور فعالیت ملے گی۔*افتخار احمد اعوان نے اس موقع پر کہا کہ وہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہیدکے ویژن سے متاثر ہیں، اور عوامی خدمت کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کو بہترین پلیٹ فارم سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ چوہدری لطیف اکبر کی قیادت پر مکمل اعتماد کرتے ہیں اور پارٹی کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔حلقے کے سیاسی و عوامی حلقوں میں اس شمولیت کو پیپلز پارٹی کے لیے ایک بڑی کامیابی اور مستقبل میں حلقہ 5 کھاوڑہ میں پارٹی پوزیشن کے مزید مضبوط ہونے کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔