شہید حقمل رئیسانی کی 14ویں برسی، سراوان ہاؤس میں قرآن خوانی و دعائیہ تقریب

منگل 29 جولائی 2025 17:42

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کہاہے کہ میرحقمل رئیسانی کونوجوانوں کیساتھ فٹبال کھیلتے ہوئے شہید کیا گیا، ایک مسکراتا لمحہ جو دشمن کی نفرت کی نذر ہوگیا۔میرے لیے بلوچستان کا ہر نوجوان شہید حقمل رئیسانی کا عکس ہے اورمیں انہیں کبھی مایوس نہیں ہونے دوں گا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے شہید نوابزادہ میر حقمل خان رئیسانی کی 14ویں برسی کے موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے کیا۔ سراوان ہائوس کوئٹہ میں برسی کی مناسبت سے قرآن خوانی کااہتمام کیاگیاجس میں رکن قومی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی اور میر فرید جان رئیسانی ودیگر نے شرکت کی۔قرآن خوانی کے اختتام پر شہیدنوابزادہ میر حقمل خان رئیسانی تمام شہدائے وطن کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

(جاری ہے)

نوابزادہ جمال رئیسانی نے کہاکہ آج میرے بڑے بھائی، شہید میر حقمل رئیسانی کی برسی ہے۔انہیں مستونگ کے نوجوانوں کے ساتھ فٹبال کھیلتے ہوئے شہید کیا گیا ، ایک مسکراتا ہوا لمحہ، جو دشمن کی نفرت کی نذر ہو گیا۔فتنہ ہندوستان کے دہشتگردوں نے سوچا تھا کہ وہ میرے والد کو ڈرا دیں گے، جھکا دیں گے، مگر ہمارا حوصلہ چٹان کی طرح مضبوط تھا، ہے، اور رہے گا۔

اسی دن میرے والد، شہید نوابزادہ سراج خان رئیسانی نے سب کے سامنے کہاکہ آج میں نے حقمل کو ملک پر قربان کیا، کل میرے وطن کو جمال کی ضرورت پڑی تو میں اسے بھی قربان کر دوں گا۔یہ صرف الفاظ نہیں تھے، ایک باپ کا صبر، ایک محبِ وطن کا عہد اور ایک عظیم قربانی کی گواہی تھی۔آج میں اپنے شہید بھائی اور شہید والد کے نقشِ قدم پر چلنے کے لیے پہلے سے زیادہ مضبوط اور پرعزم ہوں۔