بھارتی رکن پارلیمنٹ کی پاک بھارت جنگ کے دوران رافیل طیارے گرنے کی تصدیق

منگل 29 جولائی 2025 21:10

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) بھارتی پارلیمنٹ کے رکن امریندر سنگھ راجہ نے پاک بھارت جنگ کے دوران رافیل طیارے گرنے کی تصدیق کر دی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق امریندر سنگھ راجہ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بسیانہ ایئر فورس سٹیشن کے پاس ایک لڑاکا طیارے کا ٹیل گرا، یہ ٹیل رافیل طیارے کا تھا جس پر BS-001لکھا ہوا تھا۔

انہوں نے کہاکہ اس واقعے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 9افراد زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

امریندر سنگھ راجہ نے کہا کہ بھارتی ایئر مارشل نے بھی طیارہ گرنے کی تصدیق کی، بھارتی ایئر مارشل نے کہا کہ یہ ایک غیر شناخت شدہ طیارے کا پرزہ ہے۔بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا کے رکن نے کہا کہ ایئر مارشل نے اس طیارے کو غیر شناخت شدہ قرار دے کر درحقیقت بھارتی عوام سے حقائق چھپانے کی کوشش کی۔واضح رہے کہ پاک بھارت جنگ کے دوران پاکستان نے بھارت کے جنگی طیارے مار گرائے تھے جن میں فرانسیسی کمپنی کے رافیل طیارے بھی شامل تھے۔فرانس سمیت دیگر اداروں کی جانب سے تصدیق کے باوجود بھارت جنگی طیارے گرنے کے حوالے سے انکاری ہے۔