Live Updates

عمران خان کے بچوں کے حوالے سے چلنے والی خبریں بالکل غلط ہیں، ترجمان پی ٹی آئی

قاسم اور سلیمان پاکستان آئیں گے فقط تاریخ کا تعین ہونا باقی ہے، اس حوالے سے جو بھی پروپیگنڈے ہیں ان سے پرہیز کیا جائے کیوں کہ ان کا کوئی فائدہ نہیں؛ شیخ وقاص اکرم کا بیان

Sajid Ali ساجد علی بدھ 30 جولائی 2025 10:40

عمران خان کے بچوں کے حوالے سے چلنے والی خبریں بالکل غلط ہیں، ترجمان ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جولائی 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے سیکٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ عمران خان کے بچوں کے حوالے سے چلنے والی خبریں بالکل غلط ہیں۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بچوں کے حوالے سے میڈیا پر جو خبریں گردش کر رہی ہیں وہ بالکل غلط ہیں کیوں کہ عمران خان نے اپنے بچوں کو پاکستان آنے سے قطعا نہیں روکا، میڈیا کے وہ دوست جو اڈیالہ میں رپورٹنگ کرتے ہیں ان سے گزارش کروں گا کہ من و عن وہی چیزیں چلایا کریں جو عمران خان کہتے ہیں، اپنی مرضی کے مطابق سیاق و سباق سے ہٹ کر یا سلیکٹو ہو کر اپنی مرضی سے گفتگو چلانا نامناسب ہے۔

شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ عمران خان کے بچے پاکستان آئیں گے، کسی کو بھی اس میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیئے ابھی تک اس حوالے سے فقط تاریخ کا تعین ہونا باقی ہے اور ساتھ میں سب کو یاد رہے کہ جب قاسم اور سلیمان نے پاکستان آنے کا فیصلہ کیا تھا تو اس وقت انہوں نے اپنے والد سے واضح کہا تھا کہ ہم آپ سے اجازت نہیں لے رہے بلکہ آپ کو اطلاع دے رہے ہیں سو یہ جو پروپیگنڈے ہیں ان سے پرہیز کیا جائے کیونکہ ان کا کوئی فائدہ نہیں ہے سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی نے کہا کہ تحریک انصاف 9 مئی 2023ء سے مسلسل سراپا احتجاج ہے، 5 اگست ہماری تحریک کا نقطہ عروج ہو گا اور اس کے بعد اسی شدت سے تحریک چلتی رہے گی، میڈیا کو تحریک انصاف کی ریلیاں دکھانے کی اجازت نہیں ہے، ہمارے سوشل میڈیا پر تمام صوبوں کی سرگرمیوں کو دیکھا جا سکتا ہے، حکومت ہماری تحریک سے فرسٹریشن کا شکار ہے، اسی لیے تشدد کا رستہ اختیار کرتی ہے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں مقدمات کی سماعت کے دوران جب عمران خان سے سوال کیا گیا کہ ’آپ کے بیٹے امریکہ سے واپس جا چکے ہیں اور احتجاجی تحریک کے لیے 5 اگست کی تاریخ قریب ہے تو کیا احتجاج میں آپ کے بیٹے شرکت کریں گے؟‘، اس پر سابق وزیراعظم نے واضح کیا کہ ’نہیں وہ احتجاج کے لیے پاکستان نہیں آئیں گے‘، اور عمران خان سے جب ایک صحافی نے اس بارے میں پوچھا کہ ’کیا آپ کے بچے احتجاج لیڈ کرنے پاکستان آئیں گے؟‘، تو اس پر تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’نہیں، احتجاج لید کرنے کے لیے باپ ہی کافی ہے‘۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات