ضلعی الیکشن کمشنر تلہ گنگ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد میں ووٹ کے حوالے سے آگاہی سیمینار

بدھ 30 جولائی 2025 15:12

تلہ گنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) تلہ گنگ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایت کی روشنی میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد میں ووٹ کے حوالے سے آگاہی سیمینار دفتر ضلعی الیکشن کمشنر ، تلہ گنگ میں 29 جولائی 2025ء کو منعقد ہوا۔جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد جیسے کہ خواتین، خصوصی افراد، طلبہ اور نوجوانوں نے شرکت کی۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر تلہ گنگ، خالد محمود نے کہا کہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر تلہ گنگ، لوکل گورنمنٹ، نادرا، سوشل ویلفیئر اور سوشل سوسائٹی آرگنائزیشن کے ساتھ مل کر ووٹرز رجسٹریشن کے حوالے سے بھرپور آگاہی مہم چلارہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کا وژن ہے کہ کوئی بھی شہری، خواہ وہ مردہو، خاتون ہو، خواجہ سرا ہو، معذورہو، اقلیتی برادری سے ہو یا کسی دور افتادہ علاقے کا باسی ہو انتخابی عمل سے محروم نہ رہے۔

(جاری ہے)

خواتین کی نمائندگی کرتے ہوئے حمیدہ بی بی نے خواتین کو درپیش مسائل جیسے کہ شناختی کارڈ کی رجسٹریشن ، نام تبدیلی اور شادی یا طلاق کے بعد شناختی کارڈ کی تجدیدجیسے مسائل پر روشنی ڈالی۔سوشل ویلفیئر کے نمائندہ نے کہا کہ وہ شناختی کارڈ اور ووٹررجسٹریشن کے لیے نادرا اور الیکشن کمیشن کی بھرپور معاونت کریں گے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے نادرا کے نمائندے نے شرکاء کو بتایا کہ نادرا خواتین اور معذور افراد کو ان کے گھر کی دہلیز پر شناختی کارڈ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے موبائل رجسٹریشن وینز جیسی سہولیات فراہم کررہا ہے۔\378