سینٹ ضمنی الیکشن ، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کا سیٹ ایڈجسمنٹ پر اتفاق، پیپلز پارٹی کی امیدوار مسلم لیگ ن کے حق میں دستبردار

راحیلہ بی بی نے الیکشن سے دستبرداری کیلئے ریٹرننگ آفیسر کو خط لکھ دیا، ضمنی انتخاب کل ہو گا اسمبلی کے جرگہ ہال کو پولنگ اسٹیشن قرار دیدیا گیا ، خالی نشست پر9 امیدوار میدان میں ہیں، صوبائی الیکشن کمشنر

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 30 جولائی 2025 17:09

پشاور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30 جولائی 2025) خیبر پختونخواہ میں ہونے والے سینٹ ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کی امیدوار راحیلہ بی بی مسلم لیگ ن کی امیدوار کے حق میں دستبردار ہو گئیں، خیبرپختونخوا ہ سے سینیٹ کی خواتین کی مخصوص نشست پر ضمنی انتخاب کل بروز جمعرات منعقد ہو گا جس کیلئے الیکشن کمیشن نے تمام تر تیاریاں مکمل کر لیں، دونوں جماعتوں نے سینیٹ الیکشن میں باہمی تعاون پر اتفاق کر لیا ہے۔

راحیلہ بی بی نے الیکشن سے دستبرداری کیلئے ریٹرننگ آفیسر کو خط لکھ کر کہا ہے کہ ثانیہ نشتر کی خالی نشست پر انتخاب میں ن لیگ کا ساتھ دیں گے۔ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی نے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار کے حق میں اپنی امیدوار راحیلہ خان کو دستبردار کر لیا ہے۔ اس ضمن میں پیپلزپارٹی خیبرپختونخواہ کے جنرل سیکریٹری شجاع خان نے راحیلہ بی بی کے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس فیصلے کے تحت دونوں جماعتیں ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی امیدوار ثوبیہ شاہد کی حمایت کریں گی۔صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق خیبر پختونخواہ سے سینیٹ کی خالی نشست پر ضمنی انتخاب کل ہو گا جس کیلئے اسمبلی کے جرگہ ہال کو پولنگ اسٹیشن قرار دیا گیا ہے۔ خالی نشست پر9 امیدوار میدان میں ہیں۔ الیکشن خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہو گا۔جاری کردہ حتمی فہرست کے مطابق کل 9 امیدوار میدان میں ہیں جن میں مسلم لیگ (ن) کی ثوبیہ شاہد، پیپلزپارٹی کی راحیلہ بی بی (جنہوں نے دستبرداری اختیار کر لی) شامل ہیں۔

جمیعت علماء اسلام سے شازیہ اور پی ٹی آئی کی مشال یوسفزئی آزاد حیثیت سے انتخاب میں حصہ لیں گی۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابی عمل کو شفاف اور منصفانہ بنانے کیلئے سیکیورٹی اور انتظامی پلان مکمل کر لیا گیا ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ سینیٹ کی نشست پاکستان تحریک انصاف کی سینیٹر ثانیہ نشتر کے استعفے کے بعد خالی ہوئی تھی۔

یاد رہے کہ خیبرپختونخواہ اسمبلی میں ہونے والے سینیٹ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے 6 اور اپوزیشن جماعتوں نے 5 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔اپوزیشن جماعتیں 3 جنرل نشستوں پرکامیاب ہوئی تھیں۔ ن لیگ کے نیاز احمد، پیپلزپارٹی کے طلحہ محمود اور جے یو آئی کے عطاء الحق جنرل نشستوں جیتے تھے۔ 7 جنرل نشستوں میں سے 4 نشستوں پر پی ٹی آئی کامیاب قرار پائی تھی۔ پی ٹی آئی کے مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا آفریدی اور نورالحق قادری جنرل نشستوں پرجیتے تھے۔