غازی ملت سردار ابراہیم کا تحریکِ آزادی کشمیر بارے کردار ناقابل فراموش ہے، پیر محمد مظہر سعید

بدھ 30 جولائی 2025 18:58

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2025ء) وزیر اطلاعات آزاد جموں و کشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر و الحاق پاکستان کی لازوال جدوجہد کے داعی آزاد ریاست جموں وکشمیر کے بانی صدر غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی برسی کے موقع پر اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ جس عظیم مقصد کیلئے بیس کیمپ کی حکومت کا قیام عمل میں لایا گیا تھا اس کے حصول تک اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے۔

غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کا تحریکِ آزادی کشمیر کے حوالہ سے ناقابلِ فراموش کردار ہے۔ غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اطلاعات آزاد کشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ سردار محمد ابراہیم خان نے کہا کہ 19 جولائی1947 کی قرارداد، جو ان کی رہائش گاہ پر منظور ہوئی، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مؤقف کی بنیادی دستاویز بنی۔

(جاری ہے)

کشمیری عوام اپنے اسلاف کے نظریہ کو عملی شکل دینے کے لیے مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں۔ سردار محمد ابراہیم خان کا آئینی جدوجہد، ریاست کی تعمیر وترقی کے حوالہ سے کردار ناقابل فراموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور بھارت کے ناپاک قدم مقبوضہ جموں وکشمیر کی دھرتی سے اکھڑیں گے۔