بارڈر ٹریڈ مختلف ممالک کے درمیان آج بھی کامیابی سے رائج ہے،سینیٹر محمد عبدالقادر

پاکستان بلوچستان کی سرحد سے متصل ایران اور افغانستان کے ساتھ مال کے مال کے اصول کے تحت تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دے سکتا ہے،بیان

بدھ 30 جولائی 2025 20:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2025ء) چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ قائمہ کمیٹیوں برائے فنانس اور کامرس کے دورہ بلوچستان میں تجارت کے فروغ کے لئے بارٹر ٹریڈ سسٹم کی ترویج پر زور دیا گیا ہے مال کے بدلے مال کا صدیوں پرانا نظام مختلف ممالک کے درمیان آج بھی رائج ہے خطے کے بڑے ممالک روس اور چین بھی بارٹر سسٹم کے تحت کاروبار کے فروغ کے حق میں ہیں پاکستان بلوچستان کی سرحد سے متصل ایران اور افغانستان کے ساتھ مال کے مال کے اصول کے تحت تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دے سکتا ہے ایران طویل عرصے سے پابندیوں کا سامنا کر رہا ہے اس تناظر میں ایران کے لئے بنکوں کے ذریعے تجارتی کو بڑھانا دشوار ہے پاکستان، افغانستان اور ایران میں بیسیوں اشیاء کی مال کے مال کے اصول کے تحت تجارتی سرگرمیوں کو بڑھایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار محمد عبدالقادر نے کہا کہ مال کے بدلے مال کے نظام کے تحت تجارت کوقانونی تحفظ فراہم کیا جائے گا تاکہ کاروباری حضرات بلا جواز پیچیدگیوں کا سامنا نہ کریں اس سلسلے میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ نے بھی اپنی آمادگی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے تجویز دی ہے کہ پاکستان،افغانستان اور ایران کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تحت تینوں ممالک کی کاروباری شخصیات کو اپنے اپنے کاروبار کو فروغ دینے کیلئے معقول پارٹنرز تک رسائی آسان ہو جائے گی. تینوں ممالک کی حکومتوں کی جانب سے اپنے اپنے کاروباری طبقے کو تحفظ فراہم کرنے سے انکا اعتماد بحال ہو گا یوں قانونی تحفظ کے تحت اسمگلنگ کی حوصلہ شکنی ہو گی . زیادہ سے زیادہ اجناس اور دیگر کماڈیٹیز کو امپورٹ اور ایکسپورٹ کرکے ملکی معیشت کو سنبھالا دیا جا سکتا ہے۔