جنوبی پنجاب میں چار روزہ کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز مکمل ، 15 ہزار سے زائد نوجوانو ں کی شرکت

بدھ 30 جولائی 2025 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) وزیراعظم یوتھ پروگرام اور لاہور قلندرز کے باہمی اشتراک سے جنوبی پنجاب میں چار روزہ کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز مکمل ہوگئے۔بدھ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق بہاولپور اور ملتان میں دو، دو دن جاری رہنے والے ان ٹرائلز میں لڑکوں اور لڑکیوں سمیت 15 ہزار سے زائد نوجوان کرکٹرز نے شرکت کی اور پاکستان کی نمائندگی کا خواب آنکھوں میں سجائے میدان میں اترے۔

یہ ٹرائلز ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تحت ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ سپورٹس لیگ کے بینر تلے کرائے گئے ہیں، جن کا مقصد دور دراز علاقوں سے ابھرتی ہوئی کرکٹ صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔ ان ٹرائلز میں ہر شہر سے 16 لڑکوں اور 16 لڑکیوں پر مشتمل ایک ایک ٹیم منتخب کی گئی ہے ۔اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور ملتان میں ہونے والے ان ٹرائلز میں لاہور قلندرز کے پروفیشنل کوچز نے نوجوانوں کی جسمانی فٹنس، کرکٹ سکلز کو بھی جانچا۔

(جاری ہے)

لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا نے وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان اور وزیراعظم یوتھ پروگرام ٹیم کے کردار کو سراہا اور ان ٹرائلز کو نوجوانوں کے لئے ایک روشن مستقبل کی نوید قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور اور ملتان کے نوجوانوں کا جذبہ لاجواب تھا، ہمیں خوشی ہے کہ ہمیں اس مشن کا حصہ بننے کا موقع ملا۔

عاطف رانا نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کی میزبانی اور بہترین سہولیات پر بھی شکریہ ادا کیا اور یونیورسٹی میں لاہور قلندرز ہائی پرفارمنس اکیڈمی کے قیام میں دلچسپی ظاہر کی۔ ٹرائلز میں منتخب ہونے والے نوجوانوں نے بھی حکومت اور لاہور قلندرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ سخت محنت کریں گے اور پاکستان کا نام روشن کریں گے۔