صدر ٹرمپ کا نریندر مودی کو زبردست جھٹکا، بھارت پر 25فیصد درآمدی ٹیرف عائد کردیا

بدھ 30 جولائی 2025 21:20

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو تجارتی محاذ پر دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکا اور بھارت کے درمیان تجارتی معاہدہ نہ ہوا تو بھارت پریکم اگست سے 25فیصد درآمدی ٹیرف عائدہوگا۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق صدر ٹرمپ نے اسکاٹ لینڈ سے واشنگٹن واپسی پر طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک بھارت کے ساتھ تجارتی معاہدہ طے نہیں پایا، اگر معاہدہ نہ ہوا تو بھارت پر یکم اگست سے بھاری ٹیکس لگانا پڑے گا۔

انہوں نے کہاکہ بھارت پر 20سے 25 فیصد درآمدی ٹیرف عائد کر سکتے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر بھارت نے ٹیرف نہ دیا تو اس پر جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ بھار ت امریکا سے بھاری ٹیرف لیتا ہے،اب نہیں لے گا۔ تجارتی معاہدوں کیلئے ڈیڈ لائن میں توسیع نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ یکم اگست آخری تاریخ ہے اور اس میں کوئی توسیع نہیں کی جائے گی۔