پنجاب اسمبلی اجلاس ،ایوان میں نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر اپوزیشن رکن اعجاز شفیع 15اسمبلی اجلاسوں کیلئے معطل

جمعرات 31 جولائی 2025 00:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) قائم مقام سپیکرملک ظہیر اقبال چنڑ نے ایوان میں نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر اپوزیشن رکن اعجاز شفیع کو 15اسمبلی اجلاسوں کیلئے معطل کر دیا،ایجنڈا مکمل ہونے پر قائم مقام سپیکر نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کر دیا۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس دو گھنٹے 30 منٹ کی تاخیر سے قائم مقام سپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ کی صدارت میں شروع ہوا، اسمبلی میں حسب معمول اپوزیشن اور حکومت اراکین کی نوک جھوک کاسلسلہ جاری رہاتاہم اس دوران وزیر پارلیمانی امور نے اسپیکر سے اسمبلی بزنس چلانے کی درخواست کی اور کہا کہ بحث برائے بحث میں نہ پڑیں اور اسمبلی کی کارروائی آگے بڑھائیں۔

سپیکر نے کارروائی کو آگے بڑھاتے ہوئے لوکل گورنمنٹ سے متعلقہ اپوزیشن رکن نادیہ کھر کی تحریک التوائے کاران کی عدم موجودگی اور جواب نہ آنے کی وجہ سے موخر کردی،سروسز اینڈ جنرل ایڈمسٹریشن سے متعلق قاضی احمد سعید کی تحریک التوائے کار بھی موخرکردی گئی۔

(جاری ہے)

اپوزیشن رکن طیب راشد سندھو نے ایوان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ روز شیخوپورہ میں ایک غریب آدمی کا مافیا نے گردہ نکال لیا،پتہ نہیں یہ واقعات کب سے ہورہے ہیں، حکومت اس کا نوٹس لے۔

حکومتی رکن امجد علی جاوید نے اپنی گفتگو میں کہا کہ حکومت پنجاب کا فوکس ہے کہ پاکستان میں کمپیوٹر کی تعلیم کو فروغ ملے،اس سے ہم پاکستان کی ایکسپورٹسں کو بڑھا سکتے ہیں لیکن پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ایسی ایسی پالیسیاں لا رہی ہے جس سے کمپیوٹر کی تعلیم میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہیں، پنجاب ایجوکیشن نے شرط عائد کی ہے کہ ایک مخصوص کونسل کی ایکریڈیشن حاصل کیے بغیر کمپیوٹر سائنس کی ڈگری ویلڈ نہیں ہو گی،اب اس کونسل کی فیس اتنی زیادہ ہے کہ بڑی بڑی یونیورسٹیوں میں کمپیوٹر سائنس ڈیپارٹمنٹ بند ہو رہے ہیں،وہ بچے جنہوں نے دو دو سمسٹر پڑھ لیے ہیں وہ پریشان ہیں ،پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن اپنی پالیسی کو ری ویو یا شرائط نرم کرے۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں رولز معطل کر کے دو بل منظور کر لیے گئے، پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی بل 2025 پنجاب اسمبلی اجلاس میں کثرت رائے سے منظور جبکہ پنجاب ضروری اشیا ء کی قیمتوں پر قابو(ترمیمی) بل 2025 بھی کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔اس موقع پر قائم مقام سپیکر ظہیر اقبال چنڑ نے اپوزیشن رکن اعجاز شفیع کو 15 سیٹنگز کیلئے معطل کر دیا۔اعجاز شفیع کو غیرپارلیمانی اور نازیبا الفاظ کے استعمال کرنے پر معطل کیا گیا ہے۔ایجنڈا مکمل ہونے پر قائم مقام سپیکر نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کر دیا۔