سعودی وزیرخارجہ سے فلسطینی وزیراعظم کی ملاقات، غزہ جنگ کے خاتمے کی کوششوں پر تبادلہ خیال

جمعرات 31 جولائی 2025 08:20

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے نیویارک اقوام متحدہ میں مملکت کے مستقل مشن کے دفتر میں فلسطینی وزیراعظم محمد مصطفی کا خیرمقدم کیا۔ایس پی اے کے مطابق مسئلہ فلسطین کے پرامن حل اور دو ریاستی حل کے نفاذ سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس کے اختتام پر ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کا جائزہ اور فلسطین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فلسطینیوں کے حقوق کی سپورٹ میں بین الاقوامی سطح پر مشترکہ ایکشن اور اہم آہنگی بڑھانے کے طریقوں پر بھی بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں غزہ میں جاری جنگ کےخاتمے کےلیے سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔فلسطینی وزیراعظم محمد مصطفی نے مسئلہ فلسطین پر سعودی عرب کے دیرینہ موقف، اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے عرب رابطہ گروپ اور عالمی اتحاد کے ذریعے دوریاستی حل پر عملدرآمد کے لیے جاری کوششوں کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ’اقوام متحدہ میں ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس سعودی عرب کی سفارتکاری کا نتیجہ ہے، جس کا مقصد مسئلہ فلسطین کے پرامن حل کا حصول ہے۔انہوں نے دو ریاستی حل پر عملدرآمد کے لیے ٹھوس اقدامات او ایک واضح ٹائم لائن کی اہمیت پر بھی زور دیا۔بعد ازاں مفاہمت کی تین یادداشتوں پر دستخط کیے گئے جو فلسطینی کاز، فلسطینی عوام کی سپورٹ میں مملکت کے کردار اور فلسطینی حکومت کی مختلف شعبوں میں جاری اصلاحات کے پروگرام سے متعلق ہیں۔