پاکستان کا نیا ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کامیابی سے خلا میں روانہ

جمعرات 31 جولائی 2025 09:40

ژچانگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) پاکستان نے اپنے خلائی پروگرام میں ایک اور سنگِ میل عبور کرتے ہوئے جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کامیابی سے خلا کی جانب روانہ کر دیا۔ یہ سیٹلائٹ سپارکو کے تحت چین کے ژچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے بھیجا گیا، جو 18 منٹ کے اندر مدار تک پہنچ جائے گا۔لانچنگ کے موقع پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال ،سپارکو کے ماہرین اور سائنسدان لانچ سینٹر میں موجود تھے اور پورے عمل کی نگرانی کر رہے تھے۔

یہ سیٹلائٹ نہ صرف پاکستان کے خلائی وژن 2047 کا حصہ ہے بلکہ قومی خلائی پالیسی کے عملی نفاذ کی ایک اہم کڑی بھی ہے۔نیا سیٹلائٹ ملک کو درج ذیل شعبوں میں انقلابی فوائد فراہم کرے گا جس میں فصلوں کی صحت اور پیداوار کا جائزہ لینے کی جدید صلاحیت ، شہری پھیلاؤ میں تیز رفتار شہری ترقی اور بنیادی ڈھانچے کی نگرانی جبکہ قدرتی آفات کی پیش گوئی میں سیلاب، زلزلے اور زمینی کھسکاؤ جیسے خطرات کی بروقت نشاندہی اور ماحولیاتی تحفظ میں گلیشیئرز کے پگھلاؤ، جنگلات کی کٹائی سمیت ماحولیاتی تبدیلیوں کی نگرانی شامل ہے ۔

(جاری ہے)

اس سیٹلائٹ کے ذریعے قدرتی وسائل کی مؤثر میپنگ اور انتظام میں مدد، سی پیک منصوبے کی معاونت، جیوہیزرڈز کی شناخت اور نقل و حمل کے نیٹ ورکس کی نگرانی کی جاسکے گی ۔یہ سیٹلائٹ جدید سینسرز سے لیس ہے اور مختلف موسمی حالات میں معیاری ڈیٹا حاصل کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ PRSS-1 اور EO-1 جیسے سابقہ پاکستانی خلائی مشنوں سے مربوط ہو کر ایک جامع نیشنل اسپیس سسٹم کا حصہ بنے گا۔اس وقت پاکستان کے پانچ سیٹلائٹس پہلے ہی خلا میں کام کر رہے ہیں، اور اس نئی پیش رفت سے پاکستان کے خلائی میدان میں خود انحصاری، تحقیق، اور ترقی کو مزید تقویت ملے گی۔