یوتھ بلوچستان و پاکستان کی ترقی کے خواب کو پورا کر سکتی ہے، وزیر مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجہیہ قمر

جمعرات 31 جولائی 2025 14:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) وزیر مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجہیہ قمر نے کہا ہے کہ یوتھ بلوچستان و پاکستان کی ترقی کے خواب کو پورا کر سکتی ہے، وزیر اعظم شہباز شریف سمیت تمام سٹیک ہولڈرز بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ ہیں اور اس حوالے سے دانش سکولز کا منصوبہ واضح ثبوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’کاروباری خواتین کیلئے پائیدار ماحول ‘‘کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ، سپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن(ر) عبد الخالق اچکزئی، ڈپٹی سپیکر بلوچستان اسمبلی غزالہ گولہ، سیکرٹری وومن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سائرہ عطاء، پاکستان پاورٹی ایولیشن فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نادر گل بڑیچ، بی آر ایس پی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر طاہر رشید و دیگر موجود ہے۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجہیہ قمر نے کہا کہ بہت سے ایسے مسائل ہیں جن کے حل کیلئے زیادہ جدوجہد کی ضرورت نہیں پڑتی، کاروبار سے منسلک بچیاں اور خواتین آنکھوں میں امیدیں لیےملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے جو خواب دیکھ رہے ہیں ہم ان خوابوں کو سچ کرکے دیکھائیں گے، یہی بچیاں و بیٹیاں ثابت کریں گی کہ یہاں سے بلوچستان کی تبدیلی کا آغاز ہوگا ،ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد خواتین کو تعلیم و دیگر مواقع فراہم کرنے کیلئے مکمل تعاون کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پالیسیاں بنتی ہے اس پر عملدرآمد کیلئے سب کو مل کر کام کی ضرورت ہے،سکولوں میں فوڈ پروگرام کا آغاز بلوچستان سے ہوا ہے جو خوش آئند ہے،ایک خاص پروجیکٹ جس کے تحت بلوچستان کے نوجوانوں کو یہ مواقع فراہم کئے جاتے ہیں کہ اس منصوبے سے بین الاقوامی سطح سکالرشپس، پروگرامز وغیرہ میں حصہ لیکر ملک و قوم کا نام روشن کریں، پورے پاکستان میں 17 ہزار مدارس رجسٹرڈ ہو چکے ہیں جبکہ بلوچستان میں 590 مدارس کی رجسٹریشن ہوگئی ہے ،مدارس کے طلباء کو دینی تعلیم کے ساتھ عصری علوم دلانے کیلئے کام کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں یہاں جو مسائل سامنے آئے ہیں ان کے حل کیلئے موثر اقدامات اٹھائیں گے تاکہ یہ جوان قومی دھارے کا حصہ بن کر جاری ترقیاتی عمل میں اپنا کردار ادا کر سکے۔