بھارتی اپوزیشن نے مودی سرکار کو آپریشن سندور ناکامی پر گھیر لیا

مودی سرکار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے سرنڈر کرچکی ہے،اپوزیشن لیڈر

جمعرات 31 جولائی 2025 15:40

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2025ء)بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کو آپریشن سندور کی ناکامی پر اپوزیشن جماعتوں کے شدید سوالات کا سامنا ہے۔اپوزیشن لیڈروں نے لوک سبھا میں مودی سرکار پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے سرنڈر کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے پارلیمنٹ میں کہا کہ وزیراعظم مودی نے یہ نہیں کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ جھوٹا ہے۔

سب کو معلوم ہے کہ کیا معاملہ ہوا اور سچائی کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر مودی نے بول دیا کہ ٹرمپ جھوٹا ہے تو پھر ٹرمپ کھل کر بولے گا۔ مودی نے کچھ بولا تو امریکی صدر ٹرمپ سچائی کھول کر دکھا دے گا۔جنتا دل(سیکیولر)کے رہنما ملیکارجن کھڑگے نے بھی مودی سرکار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی میں اتنی ہمت نہیں کہ کہے ٹرمپ جھوٹ بول رہا ہے۔

(جاری ہے)

دال میں کچھ کالا ہے اس لیے مودی امریکی صدر ٹرمپ کو کچھ بولتے نہیں۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ مودی سرکار نے کیوں اور کیسے مانا کہ تیسرا فریق بات چیت میں آئی عوام کو بتانا چاہیے کہ امریکا کو درمیان میں لانے کے پیچھے کیا کمزوری تھی کھڑگے نے زور دیتے ہوئے کہا کہ مودی نے 2 گھنٹے کی تقریر کی لیکن ٹرمپ کا نام تک نہیں لیا۔ ملک کے تشخص کو خراب کرنے کے لیے مودی سرکار جھوٹ بول رہی ہے۔ مودی سرکار کے جھوٹ اور ملکی تشخص خراب کرنے کی مذمت کرتا ہوں۔اپوزیشن جماعتوں کا کہنا تھا کہ نااہل مودی سرکار کی ناکامی کی داستان میں روز ایک نئے باب کا اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے اس بات کی طرف بھی توجہ دلائی کہ امریکی صدر ٹرمپ متعدد بار پاک بھارت جنگ بندی میں کردار ادا کرنے کا ذکر کرچکے ہیں۔