یکم تا 14اگست تک معرکہ حق، جشن آزادی صوبے بھر میں شایان شان طریقے سے منایا جائے گا، سعید غنی

جمعرات 31 جولائی 2025 18:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ اس سال جشن آزادی یکم تا 14اگست تک "معرکہ حق جشن آزادی" صوبے بھر میں شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔ جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز پیپلز پارٹی کراچی کے ٹائونز چیئرمینزکے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے تمام محکموں کی طرح محکمہ بلدیات کے تحت بھی صوبے بھرمیں سینکڑوں کی تعداد میں تقریبات ڈسٹرکٹ، ٹائون اور یوسی کی سطح پر منعقد کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے تمام ٹائونز اور ان کے زیر انتظام یوسیز نے تقریبات کو بھرپور انداز میں منانے کے حوالے سے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے 13ٹائونز چیئرمینز نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ کراچی کے تمام ٹائونز میں اس سال یکم تا 14 اگست تک یوم آزادی کو معرکہ حق اور یوم آزادی پاکستان کے طور پر منایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹائونز اوریوسیز اپنے اپنے زیر انتظام آنے والی گلی محلوں ، سڑکوں ، بازاروں، مارکیٹوں اور کمرشل جگہوں کو قومی پرچموں اور برقی قمقموں سے سجائیں۔انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں عوام میں پاکستانی پرچم تقسیم کئے جائیں، رکشہ ٹیکسیوں اور گاڑیوں پر جھنڈے لگائیں جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام ٹائونز اپنے اپنے ٹائونز میں کرکٹ، فٹ بال، ہاکی، والی بال، کبڈی، ملاکھڑے سمیت دیگر کھیلوں کے ٹورنامنٹ کا انعقاد کریں جس کو معرکہ حق یوم آزادی ٹورنامنٹ کا نام دیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ قائد اعظم محمد علی جناح، علامہ اقبال اور دیگر پاکستان بنانے والوں کے نام سے کھیلوں کے ٹورنامنٹ کو منسوب کریں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس، رینجرز اور پاک فوج کے شہداء کے ناموں سے تقریبات کا انعقاد کیا جائے اور اپنے اپنے ٹائونز میں ان شہداء کے گھروں اور ان کی قبروں پر حاضری کے لئے پروگرام مرتب کریں۔انہوں نے ٹائونز چیئرمینز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام ٹائونز میں 14 روز تک تقریبات کے انعقاد کو یقینی بنائیں اور اس میں زیادہ سے زیادہ عوام کو شریک کریں ساتھ ہی اپنے اپنے ٹائونز میں بلڈ اور فری میڈیکل کیمپس لگائے جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں 13اور 14اگست کی شب نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں عظیم الشان کنسرٹ کیا جائے گا جبکہ سکھر، حیدرآباد سمیت دیگر اضلاع میں بھی بڑی بڑی تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 14 اگست کے دن تمام ٹائونز میں پرچم کشائی کی بڑی بڑی تقریبات کا انعقاد کیا جائے اور ان میں عوام کو شامل کیا جائے۔