لاہور چیمبرکا پاک امریکہ کے درمیان طے پانیوالے تجارتی معاہدے کا پرتپاک خیرمقدم

جمعرات 31 جولائی 2025 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پاک امریکہ کے درمیان حالیہ طے پانے والے تجارتی معاہدے کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پاکستان کے معاشی مستقبل کے لیے ایک گیم چینجر قرار دیا ہے۔لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چوہدری نے اپنے مشترکہ بیان میں امید ظاہر کی ہے کہ یہ معاہدہ پاکستانی برآمدات کے نئے دروازے کھولے گا اور دو طرفہ تجارتی تعلقات کو نمایاں طور پر مضبوط کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت نہ صرف بروقت بلکہ یہ پاکستان کی معاشی صلاحیت پر بڑھتے ہوئے بین الاقوامی اعتماد کی بھی عکاسی کرتی ہے۔عہدیداران نے کہا کہ امریکہ پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے ،نیا تجارتی معاہدہ پاکستان کی بہت سی مصنوعات جیسے ٹیکسٹائل، چمڑے کی اشیاء، سرجیکل آلات، آئی ٹی سروسز، کھیلوں کا سامان اور زرعی اجناس کو ترجیحی رسائی فراہم کرے گا، اس کامیابی سے نہ صرف پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ تجارتی توازن میں بھی بہتری آئے گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر عہدیداران نے کہا کہ حالیہ اعلی سطحی روابط، خاص طور پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سےفیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے اور پھر وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں ڈپٹی پرائم منسٹر محمد اسحاق ڈار اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی کوششوں نے معاہدے کو تکمیل دینے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیا معاہدہ باہمی تجارت میں اضافے کے رحجان کومزید تقویت دے گا، غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ اور صنعتی پیداوار کو فروغ دے گا۔

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے امریکی صدر کی جانب سے تیل کے شعبہ میں مل کر کام کرنے کے اعلان کا بھی خیر مقدم کیا اورکاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ اس معاہدے سے پیدا ہونے والے نئے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ صرف ایک سفارتی کامیابی نہیں بلکہ ایک معاشی گیم چینجر ہے جو پاکستان کی عالمی تجارت میں ابھرتی ہوئی اہمیت کا ثبوت ہے۔