وفاقی وزیر اورنگزیب کھچی نے لوک ورثہ میں میو کمیونٹی کے ثقافتی ڈائیوراما کا افتتاح کر دیا

جمعہ 1 اگست 2025 17:10

وفاقی وزیر اورنگزیب کھچی نے لوک ورثہ میں میو کمیونٹی کے ثقافتی ڈائیوراما ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگزیب خان کھچی نے لوک ورثہ پاکستان نیشنل میوزیم آف ایتھنالوجی میں "میو کمیونٹی" کے لیے نئے ثقافتی ڈائیوراما کا افتتاح کیا۔ اس نمائشی ڈسپلے کا مقصد میو برادری کی تاریخ، ثقافت اور روایات کو اجاگر کرنا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ میو برادری پاکستان کے ثقافتی منظرنامے کا اہم اور متحرک حصہ ہے، ان کی روایات، ثقافتی خدمات اور تاریخی اہمیت کو محفوظ رکھنا ہماری قومی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے لوک ورثہ کی جانب سے پسماندہ طبقات کی نمائندگی کے اقدامات کو سراہا۔اس تقریب میں پارلیمانی سیکریٹری فرح ناز اکبر، سیکریٹری اسد رحمان گیلانی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوک ورثہ ڈاکٹر محمد وقاص سلیم اور بڑی تعداد میں میو کمیونٹی کے افراد شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

یہ ڈسپلے میو کمیونٹی کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔ڈاکٹر وقاص سلیم نے کہا کہ یہ اقدام لوک ورثہ کے وژن "ثقافت کے ذریعے کمیونٹی ڈویلپمنٹ" کا حصہ ہے۔

ہر کمیونٹی کی ایک کہانی ہوتی ہے اور ہمارا مقصد ان کہانیوں کو قومی بیانیے کا حصہ بنانا ہے۔میو برادری جو زیادہ تر جنوبی پنجاب اور سندھ میں آباد ہے، زراعت، رنگین ملبوسات، صوفی موسیقی اور لوک روایات میں ایک منفرد پہچان رکھتی ہے۔ ڈسپلے میں "سنگنگ کارنر" بھی شامل ہے جہاں وفاقی وزیر نے میو زبان میں صوفیانہ کلام سنا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن ملک کی تمام ثقافتی برادریوں کی خدمات و روایات کو اجاگر کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔