پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی میں مصوری فن پاروں کی نمائش

جمعہ 1 اگست 2025 22:46

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی میں مصوری فن پاروں کی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں مشیر وزیرِ اعظم سردار یاسر الیاس خان نے بحیثیت مہمان خصوصی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان نے بطور مہمان اعزاز شرکت کی۔ مصوری فن پاروں کی تیاری میں راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کی طالبات نے خصوصی شرکت کی۔

سردار یاسر الیاس خان اور شازیہ رضوان نے فن پاروں کی نمائش کا جائزہ لیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان افسر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجابی ثقافت کو اجاگر اور محفوظ بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔ مصوری فن پاروں کی نمائش میں طالبات کی خصوصی دلچسپی قابل تحسین ہے۔

(جاری ہے)

خواتین کو مضبوط بنانا وزیر اعلیٰ پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔ مصوری فن پاروں کی نمائش کے انعقاد سے ٹیلنٹ سامنے لانے میں مدد ملتی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان کے مشیر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ آرٹسٹ معاشرتی ثقافت کو مصوری کے ذریعے سامنے لاتے ہیں۔ طالبات نے تخلیقی صلاحیتوں سے معاشرے کی تصویر کو مصوری کی صورت میں پیش کیا ہے۔

ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے میں پنجاب آرٹس کونسل کا کلیدی کردار ہے۔ ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی محمد شکور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق یوم آزادی کی مناسبت سے ثقافتی تقاریب کا پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی میں انعقاد کیا جا رہا ہے۔ معرکہ حق کے حوالے سے اگست میں تقاریب کا سلسلہ جاری رہے گا۔ پارلیمانی سیکرٹری شازیہ رضوان اور سردار یاسر الیاس خان نے تقریب کے اختتام پر نمائش میں حصہ لینے والی طالبات کو سر ٹیفکیٹ دیئے۔