آفاق احمدنے پرچم کشائی کرکے جشن آزادی کی چودہ روزہ تقریبات کا آغاز کردیا

علیحدگی پسند اجرک کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرکے لوگوں میں غلط فہمیاں پیدا کرنا چاہتے ہیں،چیئرمین مہاجرقومی موومنٹ

جمعہ 1 اگست 2025 22:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2025ء)جمعہ کی صبح آفاق ہاؤس پر پاکستانی پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پرچم کشائی کے بعد ملک کی سلامتی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ دعا کے بعد میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ آنے والی نسلوں کی خوشحالی کیلئے وطن عزیز کی ترقی بہت ضروری ہے جس کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ملک ہے تو ہم ہیں ہرسال کی طرح اس سال بھی جشن آزادی کی تقریبات شایان شان طریقے سے منعقد کی جائیں گی۔آفاق احمد نے کہا کہ دوسروں کے کلچر کے احترام لیکن اپنا نہیں سکتے۔ آفاق احمد نے کہا کہ جشن آزادی کی تقریبات کاآج انعقاد سندھ میں زیادہ ضروری اس لئے بھی ہے کہ لوگوں کے اندر اس ملک کی اہمیت اور سلامتی کیلئے جذبہ پیدا ہو۔

(جاری ہے)

اس ملک کی خوشحالی ناصرف ہمارے لئے بلکہ ہماری آنے والی نسلوں کیلئے بہت ضروری ہے۔آفاق احمد نے کہا کہ شہر میں ایک مقام پر جئے سندھ کے لوگوں نے آکر پاکستان کے خلاف نعرے بازی کی حالانکہ اجرک صرف ایک کلچر ہے،علیحدگی پسند اسے ہتھیار کے طور پر استعمال کرکے اسکے بارے میں لوگوں میں غلط فہمیاں پیدا کرنا چاہتے ہیں۔اجرک سندھیوں کا کلچر ہے، سندھی قوم کا فرض بنتا ہے کہ اپنے کلچر کو ایسے عناصر سے محفوظ رکھیں۔

آفاق احمد نے کہا کہ جہاں جہاں پاکستان کا پرچم لہرائے گا، جہاں جہاں آزادی کا جشن منایا جائے گا وہی علاقہ پاکستان کا سندھ ہوگا، آخر میں آفاق احمد نے اعلان کیا کہ آج سے لیکر چودہ اگست تک مہاجر قومی موومنٹ کی جانب سے زونل سطح پر یوم آزادی کے پروگرامز منعقد کئے جائیں گے۔