Live Updates

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے مختلف وفود کی ملاقاتیں، عوامی ریلیف، سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل پر تبادلہ خیال

جمعہ 1 اگست 2025 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے وفود نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی، سپیشل سیکرٹری وزارت داخلہ داؤد خان، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پولی کلینک، سابق صوبائی وزیر و مرکزی سینئر نائب صدر مقید شاہ محمد شاہ، سمندر پار پاکستانیوں کے نمائندے نعیم کریم وریاہ اور دیگر شامل تھے۔

سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی ریلیف اور ملکی معیشت کی بحالی کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے، حکومت کی مؤثر حکمت عملی اور اتحادی جماعتوں کے تعاون سے مہنگائی پر قابو پانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے سنجیدہ کوششیں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے حالیہ دنوں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کو عوام دوست پالیسیوں کا مظہر قرار دیا۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے ملاقات کے دوران وفود کے مسائل سنے اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ حکومت ان کے حل کے لئے سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا مقصد صرف معاشی بحالی نہیں بلکہ عوام کی فلاح و بہبود اور سہولیات کی فراہمی بھی اولین ترجیح ہے۔سمندر پار پاکستانیوں کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کے مسائل کے حل کے لئے سفارتخانوں اور بیرون ممالک موجود مشنز کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں، حکومت اوورسیز پاکستانیوں اور ان کے اہلخانہ کی فلاح کے لئے جامع پالیسی پر عمل پیرا ہے تاکہ وہ پاکستان سے جڑے رہیں اور باعزت طریقے سے اپنے وطن میں سرمایہ کاری کر سکیں۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر پولی کلینک نے ملاقات کے دوران ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور ادارے کو درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے صحت کے شعبے کی بہتری کو حکومت کی ترجیحات میں شامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ جڑواں شہروں سمیت ملک بھر سے آنے والے مریضوں کو بہترین علاج معالجہ فراہم کرنے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحت عامہ کے شعبے میں اصلاحات اور سہولیات کی فراہمی کے لئے سنجیدہ ہے تاکہ عوام کو ایک صحت مند اور باوقار زندگی فراہم کی جا سکے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات