بٹگرام۔ہفتہ شہدائے پولیس۔ایس پی شعبہ تفتیش افتخار کی افسران ،جوانوں کے ہمراہ شہداء کی قبروں پر حاضری۔ قومی پرچم لہرایا ،پولیس دستہ کی سلامی

جمعہ 1 اگست 2025 22:10

بٹگرام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) بٹگرام میں ہفتہ شہدائے پولیس کے حوالہ سےایس پی شعبہ تفتیش افتخار خان ،ڈی ایس پی سردار شاہین و دیگر پولیس افسران اور جوانوں نے شہداء کی قبروں پر حاضری دی، قومی پرچم لہرایا ، پھولوں کی چادریں چڑھائیں ، اور پولیس کے دستہ نے سلامی دی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرایس پی شعبہ تفتیش افتخار خان نے کہاکہ بٹگرام پولیس مادرِ وطن پر جان قربان کرنے والے بہادر جوانوں اور ان کے والدین اور اہل خانہ کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے بے مثال قربانی دے کر عوام کی حفاظت کی۔

حضرت علی شاہ شہید ، شبیر حسین شاہ شہید اور نور علی شاہ شہید وہ بہادر سپوت تھے جنہوں نے خودکش حملہ آوروں اور بارود سے بھری گاڑی کو روک کر اپنی جانیں نچھاور کیں لیکن بٹگرام کے معصوم شہریوں کی زندگیاں محفوظ بنائیں اور تھاکوٹ پل کو بڑی تباہی سے بچایا۔بعد ازاں انہوں نےشہداء کے اہل خانہ سے ملاقات کر کے ان کے بلند حوصلے اور عظیم قربانی کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔