بیرسٹر امجد ملک کے اعزاز میں پاکستان مسلم لیگ (ن) جاپان کے سرپرستِ اعلی کی جانب سے عشائیہ

ہفتہ 2 اگست 2025 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے وائس چیئرپرسن بیرسٹر امجد ملک کے اعزاز میں پاکستان مسلم لیگ (ن) جاپان کے سرپرستِ اعلی رانا ابرار حسین کی جانب سے پروقار عشائیہ لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد کیا گیا جس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات، قانونی ماہرین اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔

اس موقع پررانا ابرار حسین نے بیرسٹر امجد ملک کو کمیشن کے وائس چیئرپرسن کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد اورانہیں گلدستہ پیش کیا۔ رانا ابرار حسین نے کہا کہ بیرسٹر امجد ملک کی تعیناتی بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔بیرسٹر امجد ملک نے اپنے خطاب میں اس عزت افزائی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کی بروقت فراہمی اور بیرون ملک پاکستانیوں کو قانونی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دیا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ قانونی نظام میں جدید اصلاحات اور ٹیکنالوجی کو شامل کیا جائے تاکہ انصاف کا معیار مزید بہتر ہو سکے۔ انہوں نے حکومتِ پاکستان اور حکومتِ پنجاب کو تارکین وطن کے لیے خصوصی عدالتوں کے قیام پر مبارکباد پیش کی۔تقریب میں جاپان اور قطر سے حماد فاروقی، جرمنی سے میاں حنیف، یو اے ای سے چوہدری شفیع، سعودی عرب سے اظہر ملک اور فیض ابو تراب شریک ہوئے جبکہ وکلاء کی نمائندگی راجہ خرم شہزاد، شفقت چوہان، یونس نول، ناہید بیگ، سونیا جدون نے کی،میڈیا سے افتخار احمد، عمران یعقوب، تحسین رانا اور رحمن اکرم موجود تھے۔

بیرسٹر امجد ملک نے رانا ابرار حسین کو اعزازی شیلڈ پیش کی اور تمام شرکاء کو اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے دورے کی دعوت دی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کمیشن کے دروازے دنیا بھر سے آئے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں اور وکلاء کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔