ڈرامے دیکھنے پر شوہر ناراض ہوتے ہیں، ان سے رشتہ خطرے میں ہے، عتیقہ اوڈھو

عتیقہ اوڈھو کے شوہر ڈاکٹر ثمر علی خان 2013 سے 2018 تک رکن سندھ اسمبلی رہ چکے ہیں

اتوار 3 اگست 2025 11:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2025ء)پاکستان کی سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو کا کہنا ہے کہ ان کی ازدواجی زندگی خطرے میں ہے۔نجی ٹی وی چینل کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے عتیقہ اوڈھو نے بتایا کہ میں ان دنوں پاکستانی ڈرامے بڑے شوق سے دیکھتی ہوں، یوں کہیں ہفتہ بھر پاکستانی ڈرامے دیکھنے کی عادت سی ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ میرے شوہر کے ساتھ میرا رشتہ خطرے میں ہے کیوں کہ وہ کہتے ہیں تم دن رات ہر وقت ڈرامے دیکھتی رہتی ہو، تمہارے پاس مجھ سے بات کرنے کا وقت نہیں۔

خیال رہے کہ عتیقہ اوڈھو کی پہلی شادی 15 برس کی عمر میں ہوئی تھی جو 10 برس چل سکی اس کے بعد انہوں نے اپنی مرضی سے دوسری شادی کی تھی مگر وہ بھی کامیاب نہ ہوسکی۔اداکارہ اپنی مسلسل دو شادیوں میں ناکامی کے بعد جون 2012 میں ثمر علی خان سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں۔ڈاکٹر ثمر علی خان 2013 سے 2018 تک رکن سندھ اسمبلی رہ چکے ہیں۔