یومِ نیلہ بٹ ریاست جموں و کشمیر کی آزادی و خودمختاری کے نظریے کی علامت ہے،سردار عتیق احمد خان

نیلہ بٹ تحریک آزادی کشمیر کا سنگِ میل ہے اور مسلم کانفرنس نے ہمیشہ اس نظریاتی دن کو قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا ہے

اتوار 3 اگست 2025 15:20

مظفرآباد/راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2025ء)صدر مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عتیق احمد خان سے مجاہد منزل راولپنڈی میں نیلہ بٹ سے تعلق رکھنے والے ایک وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والے وفد میں عبدالرحمان ستی، اسرار عباسی، احسن جلیل عباسی اور عامر عباسی شامل تھے۔ وفد نے صدر جماعت کو یومِ نیلہ بٹ کے حوالے سے کی جانے والی تیاریوں سے آگاہ کیا اور اس دن کی مناسبت سے خصوصی طور پر تیار کی گئی شرٹس پیش کیں۔

اس موقع پر صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے وفد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یومِ نیلہ بٹ ریاست جموں و کشمیر کی آزادی و خودمختاری کے نظریے کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں ہمارے بزرگوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے ریاست کی آزادی کے لیے جانوں کا نذرانہ دیا۔

(جاری ہے)

سردار عتیق نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں چاہیے کہ وہ اس دن کو شایانِ شان طریقے سے منائیں اور کشمیری قوم کی اصل تاریخ کو اجاگر کریں۔

سردار عتیق احمد خان نے اس موقع پر نوجوان قیادت کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیلہ بٹ تحریک آزادی کشمیر کا سنگِ میل ہے اور مسلم کانفرنس نے ہمیشہ اس نظریاتی دن کو قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا ہے۔بعد ازاں صدر مسلم کانفرنس راولپنڈی میں پاکستان عوامی تحریک آزادکشمیر کے کوآرڈینیٹر سردار افتخار حسین فاروقی کی رہائش گاہ پر گئے جہاں انہوں نے ان کی والدہ محترمہ کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

انہوں نے مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت کی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔اس موقع پر مرکزی نائب صدر مسلم کانفرنس سردار عابد رزاق بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ انہوں نے بھی سردار افتخار فاروقی سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں مسلم کانفرنس کی پوری قیادت آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔سردار عتیق احمد خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ والدہ کا انتقال ایسا خلا ہوتا ہے جو کبھی پر نہیں ہوتا، مگر اللہ تعالیٰ کی رضا پر صبر کرنا ہی اصل ایمان ہے۔

اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔صدرمسلم کانفرنس سردارعتیق احمدخان نے مزید کہا کہ کارکنان یوم نیلہ بٹ کی تیاریاں کریں۔ مسلم کانفرنس کشمیریوں کی نمائندہ جماعت ہے،کارکن اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں،مسلم کانفرنس مشکل حالات سے نکل چکی ہے،وہ وقت دور نہیں کہ جب ریاست بھر میں مسلم کانفرنس ایک بار پھر اُبھر کر سامنے آئے گی۔مسلم کانفرنس نے ہمیشہ بلا تخصیص علاقائی تعصب خطے میں بسنے والے ہر فرد کی نظریاتی بنیادوں پر واسبتگی کو اولیت دی ہے،آج بھی مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان کے افکار کو دیکھ کر چل رہے ہیں،ریاستی جماعت کشمیری قوم کی بھر پور نمائندگی کر رہی ہے۔