Live Updates

یو سی 110 میں ترقیاتی اسکیموں کے آغاز کے لیے 200 کروڑ روپے لایا ہوں‘ملک فیصل ایوب کھوکھر

ایک سال میں 100 اسپورٹس کمپلیکس بنائے گئے،ٹھوکر نیاز بیگ میں 40 کروڑ سے اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کیا گیا‘ وزیر کھیل ہم 09 مئی والے نہیں بلکہ 28 مئی والے ہیں،مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ترقی اور خدمت کی سیاست کی‘ملک سیف الملوک کھوکھر

اتوار 3 اگست 2025 16:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2025ء)ٹھوکر نیاز بیگ لاہور کی یونین کونسل 110 میں ترقیاتی اسکیموں کے آغاز کے حوالے سے ایک شاندار عوامی اجتماع کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبائی وزیر کھیل و لیبر ملک فیصل ایوب کھوکھر اور ایم این اے و صدر مسلم لیگ (ن) لاہور ملک سیف الملوک کھوکھر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔اس موقع پر صوبائی وزیر ملک فیصل ایوب کھوکھر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے حلقے کی ترقی کے لیے دو سو کروڑ روپے کے فنڈز لائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اپنے ہر وعدے پر عمل کر رہی ہیں، جنہوں نے ایک معمولی کارکن کو پارٹی ٹکٹ دے کر وزیر بنایا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ نیاز بیگ کی ہر گلی پختہ کی جائے گی اور علاقے میں ترقی کا جال بچھایا جائے گا۔

(جاری ہے)

ملک فیصل ایوب کھوکھر نے مزید کہا کہ سڑکیں، اسکول اور کالجز کی تعمیر صرف مسلم لیگ (ن) کے دور میں ممکن ہوئی ہے۔

ٹھوکر نیاز بیگ کے بچوں کو اسپورٹس فنڈز وزیر اعلیٰ مریم نواز نے فراہم کیے، اور ایک سال کے اندر پنجاب بھر میں 100 اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کیے گئے جبکہ ٹھوکر نیاز بیگ میں 40 کروڑ کی لاگت سے اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کیا گیا اور سرکاری سکول کو اپ گریڈ کیا گیا۔صفائی کا جدید نظام اور ''ستھرا پنجاب'' جیسے مثالی منصوبے بھی موجودہ حکومت کا ہی کارنامہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ مریم نواز کا پنجاب ہے، مخالفین بتائیں کہ انہوں نے عوام کے لیے کیا کیا ہے۔ صوبے میں لیبر کالونیاں قائم کی جا رہی ہیں اور 12 لاکھ 40 ہزار خاندانوں کو راشن کارڈ فراہم کرنے کا منصوبہ ہے، جس کی تعداد ہر سال بڑھائی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کے وژن کے مطابق ترقیاتی منصوبے پوری رفتار سے جاری ہیں۔ایم این اے و صدر مسلم لیگ (ن) لاہور ملک سیف الملوک کھوکھر نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب مسلم لیگ (ن) نے اقتدار سنبھالا تو معیشت بحران میں تھی، مگر آج ملکی معیشت ترقی کر رہی ہے اور پاکستان مضبوط ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا اور ہمیں ایسی قیادت چاہیے جو دشمن کی آنکھوں میں آنکھ ڈال کر بات کرے۔ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ ہم 9 مئی والوں میں سے نہیں بلکہ 28 مئی والے ہیں، جنہوں نے ایٹمی دھماکے کیے۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ الیکشن میں کیے گئے تمام وعدے پورے کیے جائیں گے۔ عمران خان کے دور میں انتقام کے سوا کچھ نہیں تھا، جبکہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ خدمت اور ترقی کی سیاست کی ہے۔

انہوں نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 2002 سے آج تک ٹھوکر نیاز بیگ کے لوگوں نے مجھے اور میرے خاندان کو عزت دی ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کو دلیر باپ کی دلیر بیٹی قرار دیتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا۔اجتماع میں سیاسی و سماجی رہنماؤں، لوکل باڈی اراکین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ عوام نے ترقیاتی منصوبوں کے اعلان پر خوشی اور جوش و خروش کا اظہار کیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات