بھارت کشمیری شناخت مٹانے میں ناکام، پاکستان ہر محاذ پر آواز بلند کرے گا

، اورنگزیب کھچی

اتوار 3 اگست 2025 16:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور ثقافتی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم یک آواز ہو کر کہتی ہے کہ ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘۔ 5 اگست یوم استحقاق کے سلسلے میں اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیر کے مظلوم عوام کے لیے پاکستان کی حمایت قومی عزم اور تاریخی ذمہ داری سے جڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم ہر فورم اور ہر پلیٹ فارم پر ان کیلئے آواز اٹھاتے رہیں گے۔وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ قومی ورثہ اور ثقافت کی وزارت نے اپنے منسلک اداروں، لوک ورثہ، قومی زبان کے فروغ کے ادارہ، پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس ، پاکستان اکیڈمی آف لیٹرز اور نیشنل لائبریری آف پاکستان کے ساتھ مل کر اس دن کو منانے کے لیے ثقافتی اور ادبی سرگرمیوں کی جامع منصوبہ بندی کی ہے، جن میں سیمینارز، مباحثے، ریلیاں اور مقابلے شامل ہیں جن کا مقصد کشمیریوں کے ساتھ قومی یکجہتی کا استحکام ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ثقافت اور ادب مزاحمت کے طاقتور ہتھیار ہیں۔ ہمارا مقصد اپنی فنی اور ادبی آوازوں کے ذریعے کشمیری عوام کے مصائب کو اجاگر کرنا اور ان کے انصاف اور خود ارادیت کے مطالبے کا فروغ ہے۔انہوں نے کہا کہ 5 اگست کا دن اس امر کی نشاندہی کرتا ہے جب بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کو ختم کر کے کشمیر کے لوگوں کو غیر جمہوری طریقوں سے خاموش کرنے کی کوشش کی لیکن بھارت کشمیریوں کے جذبے کو کچلنے میں ناکام رہاہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اپنے ثقافتی پلیٹ فارمز کے ذریعے ہم یہ واضح پیغام دے رہے ہیں کہ کشمیریوں کی شناخت، تاریخ اور آواز کو مٹایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے فنکار، ادیب، شاعر اور نوجوان دل و جان سے کشمیر کے ساتھ ہیں۔وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے کہا کہ ان اقدامات کے تحت پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس، وزارت امور کشمیر اور گلگت بلتستان کے تعاون سے 5 اگست کو یوم استحقاق منانے کے لیے ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔

پی این سی اے کی مین لابی میں تصویری نمائش اور دستاویزی فلمیں دکھائی جائیں گی اور ایک کٹھ پتلی شو بھی ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ان تقریبات کا مقصد 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات اور بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کے بارے میں عالمی سطح پر بیداری پیدا کرنا ہے۔\395