مقبوضہ کشمیر میں شدید بارشوں کے باعث ہندوؤں کی امرناتھ یاترا کا قبل ازوقت اختتام

جولائی کو شروع ہونے والی یاترا کو 9 اگست کو ختم ہونا تھا، شدید بارشوں نے تنگ راستوں کو نقصان پہنچایا، جس کے باعث اسے قبل از وقت ختم کرنا پڑا

اتوار 3 اگست 2025 17:40

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2025ء)مقبوضہ کشمیر میں ایک ماہ تک جاری رہنے والی ہندوؤں کی امرناتھ یاترا کو قبل از وقت ختم کردیا گیا، اس مذہبی رسم میں 4 لاکھ سے زائد ہندو زائرین نے شرکت کی حالانکہ چند ہفتے قبل پاکستان کے ساتھ فوجی تصادم کے بعد سکیورٹی خدشات پائے جا رہے تھے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ یاترا 3 جولائی کو شروع ہوئی تھی اور باضابطہ طور پر 9 اگست کو ختم ہونی تھی، لیکن منتظمین نے بتایا کہ شدید بارشوں نے تنگ راستوں کو نقصان پہنچایا، جس کے باعث اسے قبل از وقت ختم کرنا پڑا۔

سرکاری اہلکار وجے کمار بدھوری نے ہفتے کی رات ایک بیان میں کہا کہ 4 لاکھ 15 ہزار زائرین نے اس یاترا میں حصہ لیا۔کئی عقیدت مندوں نے امرناتھ کی برفانی شِولنگ کی زیارت کے لیے مسلم اکثریتی خطے پہلگام سے اپنی پیدل مسافت شروع کی، جہاں 22 اپریل کو ایک حملے میں 26 افراد مارے گئے تھے، جن میں زیادہ تر ہندو سیاح تھے۔

(جاری ہے)

نئی دہلی نے بغیر کسی ثبوت کے کہا کہ حملہ آوروں کو پاکستان کی پشت پناہی حاصل تھی، جسے اسلام آباد نے مسترد کر دیا، اس الزام تراشی نے سفارتی اقدامات کی ایک سلسلہ وار جوابی کارروائی کو جنم دیا، جو بڑھتے بڑھتے 4 روزہ فوجی تصادم میں تبدیل ہو گئی،یہ جوہری طاقت رکھنے والے دونوں ممالک کے درمیان 1999 کے بعد بدترین کشیدگی تھی، جس میں دونوں جانب میزائل، ڈرون اور توپ خانے کی گولہ باری سے 70 سے زائد اموات ہوئیں، جس کے بعد 10 مئی کو جنگ بندی عمل میں آئی۔

گزشتہ ہفتے نئی دہلی نے دعویٰ کیا کہ پہلگام حملہ کرنے والے 3 پاکستانی شہریوں کو 28 جولائی کو اس علاقے کے قریب جنگلات میں ایک جھڑپ کے دوران ہلاک کر دیا گیا جہاں یہ غار واقع ہے۔اگرچہ چند عقیدت مند اب بھی غار کی زیارت کر سکتے ہیں، لیکن اس سال زائرین کی تعداد 2024 میں آنے والے تقریباً 5 لاکھ کے تخمینے سے کم رہی۔حکام نے ہندوؤں سے یاترا میں شرکت کی اپیل کی اور اس موقع پر سیکیورٹی کو بڑھاتے ہوئے 45 ہزار فوجی تعینات کیے، جو جدید نگرانی کے آلات کے ذریعے اس دشوار گزار راستے پر نظر رکھے ہوئے تھے جو تباہی کے دیوتا شِو کے لیے وقف غار تک جاتا ہے۔

اتوار کو بھارتی فورسز نے امرناتھ یاترا کے راستے سے کافی مسافت پر واقع ضلع کولگام میں مسلسل تیسرے روز مسلح افراد سے جھڑپ کا دعویٰ کیا، ایک سینئر افسر نے بتایا کہ اس جھڑپ میں 2 عسکریت پسند مارے گئے۔