وہاڑی ،جشن آزادی و معرکہ حق، سرکاری اداروں میں تقریبات، پاک فوج کو خراج تحسین

اتوار 3 اگست 2025 17:50

وہاڑی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) 79ویں یوم آزادی اور معرکہ حق کے موقع پر وہاڑی میں مختلف سرکاری اداروں کی جانب سے تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ محکمہ لائیوسٹاک کے دفتر کو سبز و سفید قمقموں سے سجا دیا گیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر محسن علی نے کہا کہ آزادی کا جشن زندہ قوموں کی علامت ہے، ہماری بہادر افواج نے دشمن کو مؤثر جواب دے کر عسکری تاریخ رقم کی، پوری قوم افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ ٹرانسپورٹ کے زیر اہتمام جنرل بس اسٹینڈ پر پبلک ٹرانسپورٹ پر قومی پرچم لگانے کی تقریب منعقد ہوئی۔ شرکاء نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے اور ملکی دفاع میں پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا۔ سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کامران انور نے کہا کہ تقریبات کا مقصد نوجوانوں میں حب الوطنی کا جذبہ اجاگر کرنا ہے۔سپیشل ایجوکیشن سنٹر پیر مراد میں پرچم کشائی اور شجرکاری کی تقریب منعقد ہوئی، جہاں ڈسٹرکٹ آفیسر سپیشل ایجوکیشن ملتان ذیشان احمد نے کہا کہ آزادی بے مثال نعمت ہے، جسے قائم رکھنے کے لیے اتحاد و یگانگت ضروری ہے۔ انہوں نے شہداء کی قربانیوں اور معرکہ حق میں کامیابی پر قوم کو مبارکباد دی۔\378