خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے انٹر ڈویژن ویمنزپنک ہاکی چیمپئن شپ کا افتتاح کر دیا

نواب شاہ میں شہید بے نظیر بھٹو ہاکی اسٹیٖڈیم کی تختی کی نقاب کشائی کی اور لڑکیوں کیساتھ ہاکی بھی کھیلی چیئر پرسن بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق سندھ بھر میں کھیلوں کے فروغ میں کوشاں ہیں،سردار محمد بخش مہر

اتوار 3 اگست 2025 20:30

نواب شاہ/کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2025ء) خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے آل سندھ انٹر ڈویژن ویمنزپنک ہاکی چیمپین شپ اور شہید بے نظیر بھٹو ہاکی اسٹیڈٖیم نواب شاہ کا افتتاح کر دیا،جہاں چیمپئن شپ کا آغاز ہو گیا۔پہلے روز کراچی اور میزبان بے ڈویژن شہید نظیر آباد نے اپنے میچز جیت لئے۔صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر اورصوبائی سیکریٹری اسپورٹس منورعلی مہیسر کے احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ اسپورٹس آ فس شہید بینظیر آ باد محکمہ اسپورٹس گورنمنٹ آ ف سندھ کے زیر انتظام شروع ہونے والی چیمپئن شپ کے افتتاح کے موقع پرصوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر،صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو، صدر ویمنز ونگ سندھ ہاکی سیدہ شہلا رضا،اولمپئنز ایاز محمود،وسیم فیروز،ناصر علی،سابق سیکریٹری پی ایچ ایف حیدر حسین،ڈائرکٹر اسپورٹس سندھ اسد اسحاق،کمشنر شہید بے نظیر آباد ندیم احمد ابڑو،ڈپٹی کمشنر شہیدبے نظیر آبادعبدالصمد نظامانی،چیف انجینئر محمد اسلم مہر،نجم شیخ،ایکسی این سجاد سومرو، ایس ڈی او اکرم شیخ،ڈی ایس او حیدرآباد مریم کیریو،ڈی ایس او بدین انور علی بھٹی،فرید علی اسسٹنٹ ڈائرکٹر اسپورٹس،عمران سانگی میڈٖیا کو آرڈی نیٹر منسٹر اسپورٹس اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری افتتاحی تقریب کے موقع پر خواتین کھلاڑیوں میں گھل مل گئیں انہوں نے خواتین کھلاڑیوں کے ساتھ گروپ فوٹو اور سیلفیز بنوائیں جبکہ ہاکی بھی کھیلی۔افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ فلڈ لائیٹس اور دیگر سہولیات سے آراستہ شہید بے نظیر بھٹو ہاکی اسٹیڈیم محکمہ کھیل کی جانب سے نواب شاہ کے کھلاڑیوں کے تحفہ ہے،بی بی آصفہ بھٹو زرداری کی یہاں موجودگی اور اسٹیڈیم کا افتتاح کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پیپلز پارٹی اپنے چیئر پرسن بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق سندھ بھر میں کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات دینے میں کوشاں ہے۔

اسی سال نیشنل گیمز بھی کراچی میں منعقد ہو رہے ہیں سندھ کو 18سال بعد اس کی میزبانی ملی ہے۔مجھے قوی امید ہے کہ جس طرح محکمہ کھیل سندھ بھر میں کھیلوں کے ایونٹس منعقد کر رہا ہے اور کھلاڑیوں کو کھیل کے بھر پور مواقع مل رہے ہیں سندھ کا دستہ صوبوں میں ایک بار پھر پہلی پوزیشن حاصل کرے گا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ نواب شاہ میں فٹبال اسٹیڈیم کی کمی ہے اگر یہاں پر ایک معیاری فٹبال اسٹیڈیم بن جائے تو بوائز اور گرلز کو فٹبال کے حوالے سے بہت سہولت مل جائے گی اور یہاں بوائز اور گرلز دونوں کے ایونٹس بھی منعقد ہوتے رہیں گے۔

انہوں نے اس قدر شاندار افتتاحی تقریب کے انعقاد پرمحکمہ کھیل اور مقامی انتظامیہ کو مبارک باد بھی دی۔عبدالرحیم راجپوت ڈسٹرکٹ اسپورٹس آ فیسر شہید بینظیر آ باداور ڈویژنل کوآرڈینیٹر اسپورٹس کے مطابقچیمپئن شپ کے افتتاحی روز کراچی نے حیدرآباد کو 14-0سے شکست دی،فاتح ٹیم کی جانب سے مریم نے ہیٹ ٹرک سمیت پانچ گول اسکور کئے۔دوسرے میچ میں میزبان شہید بے نظیر آباد نے میر پور خاص کو6-0سے با آسانی زیر کر لیا۔

فاتح ٹیم کی جانب سے شفاعت زہرہ نے ہیٹ ٹرک بنائی۔ چیمپئن شپ محکمہ اسپورٹس سندھ کے تعاون سے منعقد کی جا رہی ہے جس میں صوبہ سندھ کے 6 ڈویژنز کی فیمیل ہاکی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں ان میں کراچی،حیدرآباد، سکھر،لاڑکانہ، میر پور خاص اور میزبان نواب شاہ ڈویژن شامل ہیں۔