دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس کا اہم کردار ہے،وزیر مملکت برائے داخلہ

پیر 4 اگست 2025 17:10

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس کا اہم کردار ہے،وزیر مملکت برائے داخلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ امن کے لئے قربانیاں دینے والے شہدا ہمارے ہیرو ہیں،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس کا اہم کردار ہے،پولیس فورس کو مضبوط بنانے کے لئے وسائل فراہم کئے جارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اسلام آباد میں یوم شہداء تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیرمملکت برائے داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی فورسز نے بڑی قربانیاں دیں ہیں، پولیس کی قربانیاں بھی بے مثال ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90ہزار افراد شہید ہوئے۔انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے جب عہدے کا چارج سنبھالا تو تمام فورسز کی تنخواہوں اور شہدا کے پیکیج میں بڑا فرق تھا وہ فرق کافی حد تک ختم کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو وسائل فراہم کرنا ہمارے اولین ترجیات میں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ رمضان ہو یا عید پولیس اپنی ڈیوٹی احسن انداز میں سرانجام دے رہی ہے۔ ہمیں ان کا احساس ہے شہدا ہو یا غازی وہ بھی ہمارے ہیرو ہیں۔ شہدا کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔طلال چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ نے اسلام آباد کے لئے بہترین آفیسر تعینات کئے ہیں۔

مجھے پولیس کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران 97 فیصد مجرم پکڑے گئے ہیں ، اندھے قتل کے 17 واقعات پیش آئے ان کے مجرموں کو بھی جلد ہی پکڑ لیا ، یہ اسلام آباد پولیس کی بہترین کارکردگی کا نتیجہ ہے، ڈکیتی اور اقدام قتل کے واقعات میں 50 فیصد سے زائد کمی آئی ہے یہ کام آئی جی کی نگرانی میں پولیس کی بہترین کارکردگی سے ممکن ہوا۔انہوں نے کہا کہ امن کے لئے قربانیاں دینے والے شہداہمارے ہیرو ہیں، دہشت گردی کے خلاف پولیس کا اہم کردار ہے ۔