یوم سیاہ پر بھار ت نے کشمیر کو ایک عقوبت خانے میں تبدیل کردیا، نسیم الرحمن خان ملاخیل

پیر 4 اگست 2025 23:02

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) وزیر اعلی بلوچستان کے مشیر برائےماحولیات وموسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمن خان ملاخیل نے کہا ہے کہ یوم سیاہ پر بھار ت نے کشمیر کو ایک عقوبت خانے میں تبدیل کردیا،عالمی میڈیا کشمیر کو ایک وسیع جیل خانے کا نام دیتا ہے جہاں لاک ڈان کرکے 90لاکھ کشمیری مسلمانوں کو گھروں میں بندکردیا گیاہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا یہ ظالمانہ اقدام اقوام متحدہ کے بنیادی حقوق کے عالمی چارٹر کی بھی خلاف ورزی ہےجس میں ہرشہری کو نقل وحرکت کی آزادی دی گئی، اظہارِ رائے کی آزادی دی گئی ہے، اجتماع کی آزادی دی گئی ہے، مذہبی عبادات کو بجالانے کی آزادی دی گئی ہے اور بیرونی دنیا سے رابطہ برقرار رکھنے کی آزادی دی گئی ہے۔ صوبائی مشیر نے ان خیالات کا اظہار 5 اگست یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنےبیان میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت نے 5اگست کے ایک اوچھے وار سے ان تمام شہریوں کے حقوق کاقتل عام کیا،اس نے لینڈلائن،موبائل فون اور وائی فائی کی انٹرنیٹ سروسز معطل کررکھی ہیں جس کی وجہ سے مظلوم کشمیری اپنی ابتلائی سے کسی کو آگاہ بھی نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی عوام اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔صوبائی مشیر نے مزید کہا کہ بھارتی فوج اب تک 30 ہزار سے زائد کشمیری نوجوانوں کوسرچ آپریشن کے بہانے گھروں سے اٹھاکر لاپتہ کرچکی ہے جبکہ ہزاروں کشمیریوں کو شہید کردیا ہے۔