کشمیر ہماری شہ رگ ہے ، پاکستان بھارت کے غیر قانونی قبضے کو ہرگز تسلیم نہیں کرتا، ہارون اختر خان

پیر 4 اگست 2025 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے آرٹیکل 370 اور 35-A کی یکطرفہ منسوخی اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی تھی۔یومِ استحصال کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور پاکستان بھارت کے غیر قانونی قبضے کو ہرگز تسلیم نہیں کرتا، بھارت کے اس اقدام کے بعد مقبوضہ کشمیر میں بدترین کرفیو، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور میڈیا پر مکمل بلیک آؤٹ نافذ کیا گیا جو آج بھی جاری ہے۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ 5 اگست کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت پر ایک سنگین حملے کی علامت ہے اور پاکستان اس دن کو کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کو یاد کرنے کے دن کے طور پر مناتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم، ماورائے عدالت قتل اور انسانی حقوق کی پامالیوں کا فوری نوٹس لے اور بھارت کو اس کے ظلم و جبر سے روکے۔ہارون اختر خان نے کہا کہ کشمیری عوام نے قربانیوں کی ایک طویل داستان رقم کی ہے اور ان کا عزم و حوصلہ دنیا بھر کے مظلوم اقوام کے لئے مشعلِ راہ ہے۔