یومِ شہدائے پولیس :ڈی آئی جی بنوں کی محمد اقبال مروت شہید کی قبر پر حاضری ، لواحقین سے ملاقات

منگل 5 اگست 2025 00:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) لکی مروت ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس بنوں ریجن سجاد خان نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر لکی مروت کے عظیم سپوت ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بنوں محمد اقبال خان مروت شہید کی قبر پر حاضری دی اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی، ڈی آئی جی بنوں نے نورنگ میں شہید ڈی پی او کے گھر جا کر اہلِ خانہ سے ملاقات کی، ان کے صبر و استقامت کو خراجِ تحسین پیش کیا اور تحائف پیش کئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی پی او لکی مروت نزیر خان بھی ان کے ہمراہ تھے ڈی آئی جی سجاد خان نے کہا کہ پولیس فورس کی تاریخ لازوال قربانیوں سے بھری ہوئی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس افسران اور جوانوں نے فرنٹ لائن پر لڑتے ہوئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے اور ایسی تاریخ رقم کی جو ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یومِ شہداء منانے کا مقصد ان عظیم پولیس افسران اور اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے جنہوں نے اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران جان کا نذرانہ پیش کیا۔ شہداء قوم کے اصل ہیرو ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔