کارگو کمپلیکس مکمل ہوتے ہی ترکش ا یئر فیصل آباد سے کارگو سروس شروع کر دے گی، کارگو آپریشن ہیڈ سریکان سونمیز

منگل 5 اگست 2025 16:43

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) ترکش ائیر لائنز نے کہا ہے کہ کارگو کمپلیکس مکمل ہوتے ہی فیصل آباد انٹر نیشنل ایئر پورٹ سے کارگو سروس شروع کر دی جائے گی۔ یہ بات ایئر لائن کے کارگو آپریشن ہیڈ برائے مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا سریکان سونمیز نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے پاکستان اور ترکی درمیان برادرانہ تعلقات کو سراہا اور کہا کہ ہمیں معاشی تعاون کو بڑھانے کےلئے ایوی ایشن کے شعبے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ترکش ائیر لائنز کا کارگو آپریشن کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے جاری ہے جبکہ اگلے مرحلے میں فیصل آباد سے بھی یہ سروس شروع کی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ترکش ایئر لائنز کے آئی ایم سی پراجیکٹ بارے بھی بتایا جس کے تحت فضائی سروس کے ساتھ ساتھ بحری اور سڑک کے ذریعے بھی سامان کی نقل وحمل کی سہولت مہیا کی جا رہی ہے۔

اس سے قبل فیصل آباد چیمبر کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے حالیہ پاک بھارت جنگ کے دوران پاکستان کی غیر مشروط حمایت پر ترکیہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ چند دہائی قبل تک فیصل آباد صرف ٹیکسٹائل کی وجہ سے پہنچانا جاتا تھا مگر اب یہاں ٹائلز، آٹو موبائلز، موبائل فون، فارماسوٹیکل اور دیگر صنعتوں نے بھی تیزی سے ترقی کی ہے جس کی وجہ سے یہاں سے برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد سے ہفتے میں 40ٹن خشک کارگو کے علاوہ سیزن کے حوالے سے 60سے 70ٹن فروٹ اور سبزیاں وغیرہ بھی برآمدہوتی ہیں مگر یہاں کارگو کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے اُن کی ایئر شپمنٹس دوسرے شہروں کے ذریعے بھیجی جاتی ہیں۔ فیصل آباد ایئر پورٹ کی منیجر تسنیم اختر نے کہا کہ وہ یہاں سے شروع ہونے والی پروازوں کے مسافروں اور کارگو کا پورالوڈ فراہم کرنے کا یقین دلاتی ہیں۔

سوال و جواب کی نشست میں فیصل آباد ڈرائی پورٹ ٹرسٹ کے چیئرمین مزمل سلطان، پاکستان ہوزری مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے کاشف ضیاء، آل پاکستان بیڈ شیٹس اینڈ اپ ہولسٹری مینو فیکچررزایسوسی ایشن کے انجینئر بلال جمیل، ٹریول ایسوسی ایشن کے ندیم اقبال اور ریحان اشفاق نے حصہ لیا جبکہ ترکش ائیر لائنز کے جعفر حسین ریجنل منیجر کارگو پنجاب اورثاقب کریم ریجنل کارگو منیجر اسلام آباد نے مختلف سوالوں کے جوابات دیے۔