بھارت کا 5 اگست کا اقدام کشمیریوں کے حقوق پر حملہ ہے‘شیر علی گورچانی

کشمیر بنے گا پاکستان۔۔۔کشمیریوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی‘وزیر معدنیات پنجاب

منگل 5 اگست 2025 17:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء)وزیر معدنیات پنجاب شیر علی گورچانی نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام کے ذریعے نہ صرف کشمیریوں کے آئینی و انسانی حقوق سلب کیے بلکہ مقبوضہ وادی کو جبر، پابندیوں اور خوف کے سائے میں دھکیل دیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پر بھارتی ظلم و جبر ناقابلِ قبول ہے اور پاکستان ہر فورم پر کشمیری عوام کی آواز بلند کرتا رہے گا۔

(جاری ہے)

شیر علی گورچانی نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہر محاذ پر کھڑا ہے اور کشمیریوں کی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔وزیر معدنیات پنجاب نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلوانے میں عملی کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ یومِ استحصال کشمیر دراصل بھارتی مظالم کے خلاف کشمیریوں کی آواز کا دن ہے، اور ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘صرف نعرہ نہیں بلکہ ہماری قومی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔