بھارت جان بوجھ کر مقبوضہ کشمیر میں ہندوؤں کو بڑی تعداد میں آباد کر رہا ہے،سردار عامر الطاف خان

منگل 5 اگست 2025 17:11

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء) وزیر ٹیکنیکل ایجوکیشن و مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سردار عامر الطاف خان نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کر کے نہ صرف کشمیریوں کے ساتھ ظلم کیا ہے بلکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے 5 اگست 2019 کو آرٹیکل 370 اور 35 اے کے خاتمے کے بعد مقبوضہ وادی میں جو اقدامات کیے گئے وہ استعماری عزائم کی عکاسی کرتے ہیں۔سردار عامر الطاف خان نے کہا کہ بھارت جان بوجھ کر مقبوضہ کشمیر میں ہندوؤں کو بڑی تعداد میں آباد کر رہا ہے تاکہ مسلم اکثریتی خطے کو اقلیت میں بدلا جا سکے انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی زمینیں اور جائیدادیں زبردستی ضبط کی جا رہی ہیں اور انہیں غیر کشمیری شہریوں کو منتقل کیا جا رہا ہے جو مقامی آبادی کے ساتھ بدترین ناانصافی ہے ان اقدامات کا واحد مقصد کشمیری عوام کی قومی شناخت اور حق خودارادیت کو ختم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض افواج کی جانب سے آئے روز ماورائے عدالت قتل جبری گمشدگیاں،خواتین کی بے حرمتی اور نوجوانوں کو بلاجواز گرفتار کرنے جیسے انسانیت سوز مظالم جاری ہیں ہزاروں کشمیری نوجوان جیلوں میں بند ہیں جنہیں بغیر کسی قانونی کارروائی کے برسوں سے قید رکھا گیا ہے۔سردار عامر الطاف نے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ محض بیانات تک محدود نہ رہیں بلکہ عملی اقدامات کریں انہوں نے کہااقوام متحدہ او آئی سی اور امریکہ کو اب خاموش تماشائی بننے کے بجائے بھارت پر دباؤ ڈالنا ہوگا کشمیری عوام کا استحصال بند کیا جائے اور انہیں ان کا جائز اور قانونی حق حق خودارادیت دیا جائے جو اقوام متحدہ کی قراردادوں میں تسلیم شدہ ہے۔

انہوں نے عالمی میڈیا سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کو دنیا کے سامنے لائیں تاکہ بھارتی جھوٹے بیانیے کو بے نقاب کیا جا سکے ۔سردار عامر الطاف خان نے کہا کہ آج کا دن اس عزم کی تجدید کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرتے رہیں گے۔