آسٹریلیا کا جاپان سے 11 جدید جنگی بحری جہاز خریدنے کا اعلان

یہ فیصلہ آسٹریلیا کے لئے بہترین دفاعی صلاحیت کی بنیاد پر کیا گیا ہے،وزیردفاع

منگل 5 اگست 2025 18:35

سڈنی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء)آسٹریلیا نے اپنی بحریہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے جاپان کی متسوبشی ہیوی انڈسٹریز سے جدید 11 موگامی کلاس فریگیٹ جنگی بحری جہاز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ عرب ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلوی وزیر دفاع رچرڈ مارلس نے منگل کو جاپان سے جدید جنگی بحری جہاز خریدنے کا اعلان کیا،یہ معاہدہ دوسری جنگ عظیم کے بعد جاپان کی سب سے بڑی دفاعی برآمد قرار دیا جا رہا ہے جس کے تحت آسٹریلیا آئندہ 10 سال میں 6 ارب امریکی ڈالر ادا کرے گا۔

رچرڈ مارلس نے کہاکہ ہمارے جاپان کے ساتھ قریبی سٹریٹجک تعلقات ہیں اور یہ جاپان اور آسٹریلیا کے درمیان اب تک کا سب سے بڑا دفاعی صنعتی معاہدہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ آسٹریلیا کے لئے بہترین دفاعی صلاحیت کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس معاہدے کے لئے جاپان کی کمپنی متسوبشی ہیوی انڈسٹریز کو جرمنی کی تھائسن کروپ میرین سسٹمز پر فوقیت دی گئی۔

موگامی کلاس فریگیٹ جدید سٹیلتھ جنگی جہاز ہیں جو طاقتور ہتھیاروں سے لیس ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ جہاز آسٹریلیا کے پرانے انزاک کلاس جہازوں کی جگہ لیں گے اور پہلا موگامی کلاس جہاز 2030 تک آسٹریلوی بیڑے میں شامل ہو جائے گا۔انہوں نے کہاکہ موگامی کلاس فریگیٹ آسٹریلیا کے لئے بہترین ہے، یہ سٹیلتھ ٹیکنالوجی سے لیس ہے اور اس میں 32 ورٹیکل لانچ سیلز ہیں جو طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل داغنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

یہ معاہدہ آسٹریلیا اور جاپان کے درمیان بڑھتی ہوئی سکیورٹی شراکت داری کو مزید مضبوط کرتا ہے۔ آسٹریلیا کے وزیر دفاعی صنعت پیٹ کونرائے نے بتایا کہ موگامی کلاس فریگیٹ طویل فاصلے تک مار کرنے والے ٹام ہاک کروز میزائل داغنے کی صلاحیت رکھتے ہیں،پہلے 3 جہاز بیرون ملک تیار کیے جائیں گے جبکہ مغربی آسٹریلیا میں مقامی شپ یارڈز بقیہ جہازوں کی تیاری کریں گے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ آسٹریلیا اس وقت اپنی دفاعی حکمت عملی میں بڑے پیمانے پر تبدیلی لا رہا ہے جس کا مقصد طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیاروں سے لیس بحریہ کو مضبوط بنانا ہے۔آسٹریلیا آئندہ دہائی میں بڑے جنگی جہازوں کی تعداد 11 سے بڑھا کر 26 کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ جاپانی حکومت کے ترجمان یوشیماسا ہایاشی نے کہا کہ یہ معاہدہ ہمارے ملک کی اعلی ٹیکنالوجی پر اعتماد اور جاپان کی سیلف ڈیفنس فورسز اور آسٹریلوی فوج کے درمیان باہمی ہم آہنگی کی اہمیت کا ثبوت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ آسٹریلیا کے ساتھ قومی سلامتی کے تعاون کو ایک نئے درجے تک لے جانے کی جانب ایک بڑا قدم ہے جو ہمارا خصوصی سٹریٹجک شراکت دار ہے۔یاد رہے کہ جاپان کے آئین کے تحت ہتھیاروں کی برآمد پر سخت پابندیاں ہیں تاہم 2024 میں جاپان نے برآمدی ضوابط میں نرمی کی تاکہ بیرون ملک دفاعی سازوسامان کی فروخت کو فروغ دیا جا سکے۔